تہران: (دنیا نیوز) ایرانی سپریم لیڈر آیت اللہ خامنہ ای نے کہا ہے کہ اسرائیل مسلمانوں کا مشترکہ دشمن ہے، امت مسلمہ کو اسرائیل کیخلاف متحد ہونا ہوگا۔
تہران میں پانچ سال بعد نماز جمعہ کے اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے ایرانی سپریم لیڈر آیت اللہ خامنہ ای کا کہنا تھا کہ مسلمان مظلوم لوگوں کے ساتھ یکجہتی کا اظہار کریں، اسرائیل غزہ میں خون کی ہولی کھیل رہا ہے،فلسطین پر ہونے والے اسرائیلی مظالم کی مذمت کرتےہیں۔
انہوں نے کہا کہ ملت اسلامیہ کے دشمنوں کے آپریشن روم ایک جگہ پر ہیں اور وہ ایک ہی ذریعے سے معلومات حاصل کرتے ہیں، مسلمان قوموں کو افغانستان سے یمن، ایران سے غزہ اور لبنان تک دفاعی لائن بنانا ہوگی، تمام لوگوں کو قابض کےخلاف اپنی خودمختاری کا دفاع کرنے کا حق ہے ۔
ایرانی سپریم لیڈر کا کہنا تھا کہ اس خطبے کی مخاطب پوری دنیائے اسلام ہے، ملت عزیز لبنان اور فلسطین سے خاص خطاب ہے، سید حسن نصر اللہ کی شہادت عظیم فقدان ہے، سید حسن نصر اللہ کا جسم ہمارے درمیان سے جاچکا، ان کی روح اور انکا نظریہ آج بھی ہمارے درمیان موجود ہے۔
آیت اللہ خامنہ ای نے کہا کہ جس طرح 7 اکتوبر کا حملہ جائز تھا اسی طرح ایران کا اسرائیل پر حملہ جائز ہے، ہم اسرائیل کو جواب دینے میں تاخیر نہیں کریں گے اور نہ ہی جلدی کریں گے۔