سعودی عرب کا علاقائی تنازعات کو پرامن اور سفارتی ذرائع سے حل کرنے پر زور

Published On 04 October,2024 03:09 am

ریاض: (دنیا نیوز) سعودی عرب نے علاقائی تنازعات کو پرامن اور سفارتی ذرائع سے حل کرنے پر زوردیا ہے۔

سعودی عرب کے وزیر خارجہ شہزادہ فیصل بن فرحان نے خطے میں بحرانوں کی آگ کے درمیان علاقائی تنازعات پر کہا کہ سعودی عرب مشرق وسطیٰ میں اسرائیل اورفلسطین پرمشتمل دو ریاستی حل کی حمایت پر زور دیتا ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ ہم مسئلہ فلسطین کو پرامن اور سفارتی ذرائع سے حل کرنے کا مطالبہ کرتے ہیں، اس مقصد کے لئے ریاض نے حال ہی میں فلسطینی ریاست کے قیام کی حمایت کے لئے بین الاقوامی اتحاد کے قیام کا اعلان کیا ہے۔

شہزادہ فیصل بن فرحان نے کہا کہ خطے کو بہت سے چیلنجز کا سامنا ہے جن کے لئے مشترکہ کوششوں کی ضرورت ہے، موجودہ حالات کی روشنی میں ترقیاتی چیلنجز کو خطے کے کشیدہ سیاسی اور سکیورٹی حالات سے الگ نہیں کیا جا سکتا۔

سعودی وزیر خارجہ نے مزید کہا کہ فلسطین اور لبنان میں جاری کشیدگی اور جنگ اقتصادی ترقی اور تجارتی ترقی کے لیے ایک بڑی رکاوٹ ہے، خطے میں جارحیت اور انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کا تسلسل بین الاقوامی تجارت میں رکاوٹ ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ سیاسی تناؤ میں اضافہ خطے اور دنیا کے ممالک کے درمیان سرمایہ کاری اور اقتصادی تعاون کے بہاؤ کو خطرات سے دوچار کرتا ہے۔