استنبول: (ویب ڈیسک) ترک صدر رجب طیب اردگان نے اس عزم کا اظہار کیا کہ اسرائیل غزہ میں "نسل کشی" کی قیمت ادا کرے گا۔
ترک صدر رجب طیب اردگن نے سات اکتوبر کو حماس کے حملے کے جواب میں جنگ کی پہلی برسی کے موقع پر ایکس پر کہا یہ نہیں بھولنا چاہئے کہ اسرائیل جلد یا بدیر اس نسل کشی کی قیمت ادا کرے گا جو وہ ایک سال سے کر رہا ہے اور بدستور جاری رکھے ہوئے ہے۔
ترک صدر نے کہا جس طرح ہٹلر کو انسانیت کے اتحاد نے روکا تھا، نیتن یاہو اور ان کے قتل کے نیٹ ورک کو اسی طرح روکا جائے گا، ایسی دنیا جس میں غزہ کی نسل کشی کا کوئی حساب نہ لیا جائے، اسے کبھی امن نہیں ملے گا۔
رجب طیب اردگان نے جو اکثر حماس کو آزادی پسندوں کے طور پر سراہتے ہیں نے کہا کہ ایک سال سے تمام دنیا کی آنکھوں کے سامنے جو قتل عام ہوا ہے وہ دراصل پوری انسانیت کا اور مستقبل کے لئے تمام انسانیت کی امیدوں کا قتل ہے۔
انہوں نے غزہ اور اب لبنان میں تنازعات کو روکنے میں بین الاقوامی نظام کی ناکامی پر بھی تنقید کی اور کہا اسرائیل کی نسل کشی، قبضے اور یلغار کی دیرینہ پالیسی کو اب ختم ہونا چاہئے۔