غزہ: (دنیا نیوز) القسام بریگیڈ کے ترجمان ابو عبیدہ نے کہا ہے کہ ہم دشمن سے طویل جنگ کیلئے تیار ہیں جو دشمن کیلئے تباہ کن ثابت ہوگی۔
اسلامی تحریک مزاحمت حماس کے عسکری ونگ القسام بریگیڈ کے ترجمان ابو عبیدہ نے طوفان الاقصیٰ کا ایک سال مکمل ہونے پر ویڈیو بیان میں کہا کہ ہم نے طوفان الاقصیٰ تب شروع کیا جب مسجد اقصیٰ کی سلامتی انتہائی خطرناک مرحلے پر پہنچ گئی تھی۔
ترجمان القسام بریگیڈ ابوعبیدہ نے کہا کہ اسرائیل غزہ میں ایک بڑے حملے کی منصوبہ بندی کررہا تھا لیکن طوفان الاقصیٰ کے ذریعے ہم دشمن پر پہلے ہی حملہ آور ہوگئے، یہ دور جدید کا سب سے کامیاب کمانڈو آپریشن تھا جس میں دشمن کو ذلت آمیز شکست ہوئی۔
ابو عبیدہ نے مزید کہاکہ غزہ میں موجود اسرائیلی یرغمالیوں کو طویل عرصے تک قید رکھا جا سکتا ہے اور انکی قسمت اسرائیلی حکومت کے اقدامات سے منسلک ہے، غزہ میں جنگ جتنی دیر جاری رہے گی یرغمالیوں کے لئے اتنا ہی زیادہ خطرہ ہوگا۔
القسام بریگیڈ کے ترجمان کا مزید کہنا تھا کہ 7 اکتوبر کا حملہ مسجد اقصیٰ کے احاطے میں اسرائیلی خلاف ورزیوں، بستیوں کی توسیع، فلسطینی سکیورٹی قیدیوں کے ساتھ بدسلوکی اور غزہ کی پٹی کی ناکہ بندی کا ردعمل تھا۔
ابوعبیدہ نے حزب اللہ کو مخاطب کرتے ہوئے کہا ہمیں آپ کی ثابت قدمی اور جرات پر یقین ہے کہ آپ صیہونی دشمن کو بھاری نقصان پہنچانے میں کامیاب ہوں گے۔