بیروت: (دنیا نیوز) اسرائیل نے جنوبی لبنان میں سمندر سے حملے کرنے کا اعلان کر دیا۔
اسرائیلی فوج کے عربی زبان کے ترجمان اویچائی ادرئی نے ایکس پر لوگوں کو ایک فوری انتباہ جاری کیا ہے کہ وہ اگلی اطلاع ملنے تک لبنان کے دریائے الاولی سے لے کر سمندر کے ساحل کے کنارے جانے یا کشتیوں پر سوار ہونے سے گریز کریں، فوج اس بار سمندر سے حزب اللہ کے خلاف دوبارہ فوجی آپریشن شروع کرے گی۔
ادرائی نے لبنانیوں کو ان علاقوں میں جانے کے خلاف بھی خبردار کیا جہاں دریا الاولی لبنان اور اسرائیل کی سرحد سے تقریباً 60 کلومیٹر شمال میں واقع صیدا شہر میں داخل ہوتا ہے، یہ انتباہ اسرائیلی فوج کی جانب سے ایک ہفتے میں دوسری بار جنوبی لبنان میں زمینی آپریشن کے آغاز کے اعلان کے بعد سامنے آیا ہے۔
ادرائی نے یہ بھی اعلان کیا تھا کہ الجلیل فارمیشن 91 کی افواج جن میں ریزرو بریگیڈ الیگزینڈرونی 3، حزین 8 اور نحال الشمالی 228 کے جنگجو شامل ہیں نے جنوبی لبنان میں ایک مرکوز اور مخصوص زمینی آپریشن شروع کیا ہے۔
انہوں نے یہ بھی بتایا کہ جنگ کے آغاز سے ہی یہ ڈویژن جنوبی لبنان میں زمینی اور فضائی کارروائیوں کی قیادت کر رہی ہے، انہوں نے نشاندہی کی کہ حالیہ ہفتوں میں ڈویژن کی فورسز نے سیکڑوں حملے کئے اور درجنوں حزب اللہ کے ارکان کو ہلاک کیا۔