جینیوا: (ویب ڈیسک ) اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل انتونیو گوتریس نے غزہ اور لبنان میں فوری جنگ بندی کی اپیل کر دی۔
غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق انتونیو گوتیرس نے کہا ہے کہ لبنان پر اسرائیلی حملے پورے خطے کے لیے خطرہ ہیں۔
انہوں نے کہا کہ گزشتہ سال سے اب تک لبنان پر اسرائیلی حملوں میں 2 ہزار سے زائد افراد مارے جا چکے ہیں جبکہ لبنان میں اسرائیلی حملوں میں 1500 افراد گزشتہ 2 ہفتوں میں مارے گئے۔
سیکریٹری جنرل اقوام متحدہ کا کہنا ہے کہ اسرائیلی فوج نے حال ہی میں بلیو لائن کے اندر دراندازی شروع کی ہے، لبنان مکمل جنگ کے دہانے پر ہیں۔
انتونیو گوتریس نے مزید کہا ہے کہ لبنان میں جاری جنگ روکنے کا ایک موقع اب بھی باقی ہے۔
ان کا یہ بھی کہنا ہے کہ تمام ممالک کی خود مختاری اور علاقائی سالمیت کا احترام کیا جانا چاہیے۔
علاوہ ازیں اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل انتونیو گوتریس نے اسرائیل پر زور دیا ہے کہ وہ بے گھر اور جنگ زدہ فلسطینیوں کی مدد کے لیے قائم یو این ایجنسی انروا کی سرگرمیاں روکنے کے لیے قانون بنانے سے باز رہے ، اگر اسرائیلی قانون بن گیا تو غزہ میں بہت بڑی تباہی ہوگی۔
واضح رہے اسرائیلی پارلیمنٹ نے ماہ جولائی میں ایک مسودہ قانون کی ابتدائی منطوری دی تھی، اس قانون کی مکمل منطوری کے بعد اقوام متحدہ کے اس انسانی بنیادوں پر کام کرنے والے انروا کو ایک دہشت گرد ادارہ قرار دے دیا جائے گا، اسرائیل نے اس سے پہلے بھی اقوام متحدہ کے ذیلی امدادی اداروں سمیت ہر اس ادارے کے کام میں رکاوٹ پیدا کی ہے جو غزہ میں فلسطینیوں کی مدد کر رہے ہیں۔