تل ابیب: (ویب ڈیسک) اسرائیلی وزیراعظم نیتن یاہو نےکہا کہ لبنان غزہ جیسی تباہی میں جا سکتا ہے، جس کے جواب میں فرانس نے اشتعال انگیزی کو قابل مذمت قرار دیدیا۔
اسرائیلی وزیراعظم نیتن یاہو نے لبنان کے لوگوں کو خبردار کیا کہ اگر انہوں نے اپنے ملک کو حزب اللہ سے آزاد نہیں کیا تو انہیں تباہی اور مصائب کا سامنا کرنا پڑے گا جیسا کہ غزہ کی پٹی میں فلسطینیوں کو سامنا کرنا پڑا ہے۔
فرانس کے وزیر خارجہ جین نول باروٹ نے لبنان کی تباہی کے حوالے سے نیتن یاہو کی اشتعال انگیزی کی مذمت کی، میڈیو کو انٹرویو میں جان نویل بیرو نے تصدیق کی ہے کہ لبنان کی صورت حال تباہ کن ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ اگر یہ اشتعال انگیزی آگے بڑھی تو یہ فرانس کے دوست ملک لبنان کو افراتفری کی طرف گھسیٹ لے گا جبکہ وہ انتہائی کمزوری کی حالت سے دوچار ہے، اس سے اسرائیل کو ان سے زیادہ سکیورٹی مسائل کا سامنا کرنا پڑے گا۔
نیتن یاہو نے ایک ویڈیو تقریر میں کہا جس میں انہوں نے لبنانی عوام سے خطاب کیا کہ آپ کے پاس لبنان کو بچانے کا موقع ہے اس سے پہلے کہ یہ ایک طویل مدتی جنگ کی کھائی میں گر جائے اور ایسی تباہی اور مصائب کا باعث بنے جیسی تباہی ہم غزہ میں دیکھ رہے ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ میں تم سے کہتا ہوں کہ لبنان کے لوگو اپنے ملک کو حزب اللہ سے آزاد کرو تاکہ یہ جنگ رک جائے۔