تل ابیب : (ویب ڈیسک ) اسرائیلی فوج کے مطابق ڈویژن 146 کی فورسز نے جنوبی لبنان کے مغربی سیکٹر میں حزب اللہ تنظیم کے اہداف اور بنیادی ڈھانچے کو نشانہ بنانے کے لیے ہدفی نوعیت کی محدود زمینی کارروائیوں کا آغاز کر دیا۔
عرب میڈیا کے مطابق یہ بات آج منگل کے روز جاری ایک بیان میں بتائی گئی ہے ، اسرائیلی فوج نے پیر کی شام سے ملک کے شمال میں چار علاقوں کو فوجی علاقہ قرار دے کر بند کر دیا ہے، ان علاقوں میں داخلہ ممنوع ہے۔
اسرائیلی فوج نے اپنے ایک بیان میں کہا ہے کہ وہ لبنان کے جنوبی ساحل پر جدل ہی فوجی کارروائیاں شروع کرے گا، اس حوالے سے جنوب میں دریائے الاولی کے علاقے میں مچھیروں اور ملاحوں سے مطالبہ کیا گیا ہے کہ وہ آئندہ نوٹفکیشن تک ساحل سے دور ہو جائیں۔
دوسری جانب امریکی وزارت خارجہ کے ترجمان میتھیو میلر نے باور کرایا ہے کہ امریکا لبنان میں سیاسی بحران حل نہیں کر سکتا ، یہ ذمے داری لبنانی رہنماؤں کے کندھوں پر ہے۔
یہ بھی پڑھیں :مشرق وسطیٰ میں جنگ کا دائرہ کار پھیلنے سے روکنے کی کوششیں کررہے ہیں : پینٹاگون
حزب اللہ تنظیم نے اپنے جنگجوؤں کو ہدایات جاری کی ہیں کہ وہ لبنان کے سرحدی قصبے مارون الراس میں اقوام متحدہ کی امن فورس (یونیفل) کے عارضی اڈے کے نزدیک اسرائیلی فوج کو نشانہ نہ بنائیں۔
اسرائیلی فضائی حملوں کے نتیجے میں لبنان میں اب تک 12 لاکھ افراد نقل مکانی کر چکے ہیں، بہت سے لوگوں کو اندیشہ ہے کہ اسرائیلی بم باری میں اضافے کے ساتھ لبنان کو تباہی کا سامنا کرنا پڑے گا جیسا کہ غزہ کی پٹی میں فضائی اور زمینی حملوں کے نتیجے میں ہوا۔
اسرائیلی فوج نے اپنی زمینی کارروائی کو "محدود اور مختصر" قرار دیا ہے تاہم گزشتہ ہفتے شروع ہونے کے بعد سے اس کا دائرہ وسیع ہوتا جا رہا ہے۔
اسرائیلی فوج کا کہنا ہے کہ اس کا مقصد سرحدی علاقوں کو وہاں چھپے ہوئے حزب اللہ کے جنگجوؤں سے پاک کرنا ہے اور اس کا لبنان میں بڑے پیمانے پر داخل ہونے کا کوئی منصوبہ نہیں۔
واضح رہے کہ لبنان کی وزارت صحت کے مطابق ملک بھر میں اسرائیل کے حملوں میں اب تک 2 ہزار سے زائد افراد شہید ہو چکے ہیں جن میں 127 بچے اور 261 خواتین شامل ہیں۔