کابل : (ویب ڈیسک ) افغانستان میں جانداروں کی تصاویر ٹی وی پر نشر یا میڈیا میں شائع کرنے پر پابندی عائد کردی گئی ہے۔
غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق صحافیوں کے مطابق اس قانون کے نفاذ پر بتدریج عمل شروع کیا جا رہا ہے، وزارتِ مذہبی و اخلاقی امور کے ترجمان نے خبر ایجنسی کو بتایا کہ جانداروں کی تصاویر کی اشاعت پر پابندی مرحلہ وار نافذ کی جائے گی۔
ان کا کہنا ہے کہ عوام کو یہ باور کرائیں گے کہ اسلام میں جانداروں کی تصاویر لینا اور پھیلانا حرام ہے۔
افغان حکومت نے میڈیا کو ہدایت کی ہے کہ دینی تعلیمات اور احکام کے منافی چیزیں شائع نہ کریں اور ان تعلیمات کا تمسخر بھی نہ اڑائیں۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق تصاویر سے متعلق قانون ابتدائی مرحلے میں قندھار اور میدان وردک صوبوں میں نافذ کیا گیا ہے، صوبے تخار میں بھی یہ قانون نافذ کیا جا رہا ہے۔
افغانستان جرنلسٹس سینٹر (AFJC) کے مطابق صوبے تخار میں ٹی وی چینلز نے جانداروں کی تصاویر نشر کرنے پر پابندی کے بعد کام بند کر دیا ہے۔
واضح رہے کہ اتوار کو صوبے تخار میں اس پابندی کے اطلاق کا اعلان کیا گیا تھا۔
یاد رہے کہ اس سے قبل 1996ء سے 2001ء تک طالبان کے سابقہ دورِ حکومت میں بھی افغانستان بھر میں جانداروں کی تصاویر پر پابندی لگائی تھی۔