تہران: (دنیا نیوز) ایرانی وزیر خارجہ عباس عراقچی نے اس بات کا اعادہ کیا ہے کہ ان کا ملک اپنی جوہری تنصیبات پر کسی بھی حملے کا متناسب جواب دے گا۔
میڈیا رپورٹ کے مطابق ایرانی وزیر خارجہ عباس عراقچی نے کہا کہ تہران نے ان مقامات کی نشاندہی کر لی ہے جن پر حملہ ہوا تو وہ اسرائیل کے اندر حملہ کرے گا، انہوں نے مزید کہا کہ ایران پر کسی بھی حملے کا مطلب سرخ لکیروں کو عبور کرنا ہے، ایران پر حملہ ہوا تو ہم خاموش نہیں رہیں گے بلکہ اسرائیل کو تباہ کن جواب دیں گے۔
وزیرخارجہ نے زور دیا کہ ان کے ملک نے اسرائیل میں اقتصادی یا شہری تنصیبات پر حملہ نہیں کیا بلکہ صرف فوجی تنصیبات کو نشانہ بنایا، انہوں نے امریکہ کو در پردہ انتباہی پیغام بھیجا جس میں کہا گیا کہ جنگ کی صورت میں امریکہ بھی اس کی لپیٹ میں آئے گا، ہم ایسا نہیں چاہتے مگر امریکہ کو بتا رہے ہیں کہ اسے خود کو جنگ سے دور رکھنا ہوگا۔
واضح رہے کہ کئی ایرانی حکام گزشتہ دنوں اور ہفتوں کے دوران بارہا اعلان کر چکے ہیں کہ تہران جنگ کو علاقائی طور پر بڑھانا نہیں چاہتا، لیکن اس کے لئے تیار ہے، اسرائیل کی جانب سے کوئی حملہ کرنے کی صورت میں اس بار گزشتہ حملے کے مقابلے میں سخت ردعمل کا انتباہ دیا گیا ہے۔