عمان : (ویب ڈیسک ) اردن کے نائب وزیر اعظم اور وزیر خارجہ ایمن الصفدی نے شمالی غزہ میں ہونے والی اسرائیلی کارروائیوں کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ عالمی برادری اسرائیل کی غزہ میں غیر انسانی کارروائیاں روکے۔
عرب میڈیا کے مطابق اردن کے نائب وزیر اعظم اور وزیر خارجہ ایمن الصفدی کا کہنا ہے کہ اسرائیلی جارحیت غیر انسانی ہے اور جنگی جرائم کے زمرے میں آتی ہے۔
ایمن الصفدی نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر لکھا کہ اسرائیل نے شمالی غزہ کی آبادی پر جو وحشت بپا کر رکھی ہے ، غیر انسانی ہے، یہ ایسا جنگی جرم ہے جسے انسانیت کو برداشت نہیں کرنا چاہیے۔
انہوں نے مزید لکھا کہ اسرائیلی جارحیت کے ذریعے ہونے والی فلسطینیوں کی ہلاکتوں کو روکنے کے لیے بین الاقوامی برادری کو فوری طور پر فیصلہ کن اقدامات کرنے چاہیے۔
ایمن الصفدی نے کہا کہ بین الاقوامی برادری اور عالمی اداروں کی معصوم ہزاروں فلسطینیوں کی زندگیاں بچانے میں ناکامی کا کوئی جواز ، بہانہ یا عذر جائز نہیں ہو سکتا ہے۔
انہوں نے مطالبہ کیا کہ نسلی بنیادوں پر فلسطینیوں کا قتل عام کرنے سے اسرائیل کو روکا جائے اور بین الاقوامی قانون کی عمل داری یقینی بنائی جائے۔
واضح رہے کہ 7 اکتوبر 2023 سے غزہ میں جاری اسرائیلی جنگ کے نتیجے میں اب تک لگ بھگ 43 ہزار فلسطینی شہید ہو چکے ہیں جن میں بڑی تعداد فلسطینی عورتوں اور بچوں کی ہے۔