ریاض: (ویب ڈیسک) ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان اور اردن کے شاہ عبداللہ دوم نے لبنان اور فلسطین کے عوام کے لیے اپنی حمایت کا اعادہ کیا۔
خبر رساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان اور شاہ عبداللہ کے درمیان ملاقات کے دوران اس امر پر بھی زور دیا گیا کہ جنگ زدہ شہریوں کے لئے انسانی بنیادوں پر امداد میں اضافے کی ضرورت ہے تاکہ ان کی مشکلات میں کسی قدر کمی ہو سکے۔
میڈیا رپورٹ کے مطابق ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان اور شاہ عبداللہ کے درمیان بات چت کے دوران اس امر پر بھی توجہ مبذول کی گئی کہ غزہ میں جنگ بندی کے لئے اور لبنان میں کشیدگی کو کم کرنے کے لئے کوششیں کی جائیں تاکہ خطے میں بھی کشیدگی کم ہو جائے۔
واضح رہے کہ شاہ عبداللہ دوم منگل کے روز ریاض پہنچے تو ان کے ساتھ اردن کے ولی عہد شہزادہ الحسین بن عبداللہ بھی موجود تھے، دونوں معزز مہمانوں کا ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان نے شاہ خالد ایئرپورٹ ریاض میں استقبال کیا، بعدازاں ان کی الیمامہ پیلس میں ملاقات ہوئی۔