حزب اللہ کا اسرائیلی سکیورٹی ادارے کو نشانہ بنانے کا دعویٰ

Published On 19 November,2024 10:58 pm

بیروت: (ویب ڈیسک) لبنان کی مزاحمتی تنظیم حزب اللّٰہ نے دعویٰ کیا ہے کہ اس نے اسرائیل کے اہم سیکیورٹی ادارے کے ہیڈ کوارٹر کو نشانہ بنایا ہے۔

عرب میڈیا کا اس حوالے سے کہنا ہے کہ حزب اللّٰہ کے جنگجوؤں نے تل ابیب کے نزدیک اسرائیلی عسکری انٹیلیجنس کے ہیڈ کوارٹر کو کامیابی سے نشانہ بنایا ہے۔

علاوہ ازیں حزب اللّٰہ نے کہا کہ اس نے جنوبی لبنانی دیہات کے ارد گرد اسرائیلی فوجیوں کو نشانہ بنایا، جن میں فلیش پوائنٹ قصبہ خیام بھی شامل ہے۔

یہ حملے پیر کو تل ابیب پر حزب اللّٰہ کے ایک علیحدہ راکٹ حملے کے بعد ہوئے ہیں جس میں کم از کم چھ افراد زخمی ہوئے تھے۔

دوسری جانب اسرائیلی فوج نے ایک بیان میں کہا ہے کہ جنوبی لبنان میں انکا ایک فوجی ہلاک ہوگیا، ترجمان اسرائیلی فوج کے مطابق گولانی بریگیڈ کے تین دیگر فوجی شدید زخمی ہوئے اور انہیں ہسپتال منتقل کردیا گیا۔