غزہ: (ویب ڈیسک) حماس نے جنگی جرائم میں ملوث دیگراسرائیلی رہنماؤں کی گرفتاری کا بھی مطالبہ کر دیا۔
میڈیا رپورٹ کے مطابق فلسطینی مزاحمت کی تحریک حماس نے بین الاقوامی فوجداری عدالت کی طرف سے غزہ جنگ کے حوالے سے اسرائیلی وزیر اعظم نیتن یاہو اور سابق وزیر دفاع یواو گیلنٹ کے وارنٹ گرفتاری جاری کئے جانے کا خیر مقدم کیا ہے۔
حماس نے بین الاقوامی فوجداری عدالت سے یہ مطالبہ بھی کیا ہے کہ وہ وارنٹ گرفتاری جاری کرنے کا دائرہ صرف اسرائیلی وزیراعظم نیتن یاہو اور سابق وزیر دفاع یواو گیلنٹ تک محدود نہ رکھے بلکہ اسے اسرائیل کے مزید لیڈروں تک پھیلائے تاکہ فلسطینی سرزمین پر ناجائز قابض اور جنگی جرائم میں ملوث سبھی اسرائیلی لیڈروں کا عدالتی احتساب ہو سکے۔
واضح رہے اسرائیل میں اہم جنگی فیصلے کابینہ کی سطح کے علاوہ قائم کردہ جنگی کابینہ میں کئے جاتے ہیں، جنگی کابینہ کے ارکان کے علاوہ اسرائیلی حکمران اتحاد میں شامل جماعتوں کے رہنما اور ارکان کابینہ کا ان جنگی امور کے بارے میں کافی عمل دخل رہا ہے۔
یاد رہے کہ بین الاقوامی فوجداری عدالت کے پراسیکیوٹر نے اسرائیلی رہنماؤں کی گرفتاری کے لئے وارنٹ جاری کرنے کی استدعا ماہ مئی میں کی تھی جس پر چھ ماہ گزرنے کے بعد اس عالمی عدالت نے پراسیکیوٹر کی یہ استدعا منظور کر لی ہے۔