لندن: (ویب ڈیسک) برطانوی وزیراعظم سر کیر سٹارمر یورپی یونین کے تمام 27 رہنماؤں کے ساتھ یورپی دفاع کے حوالے سے بات چیت کرنے کےلیے تیار ہیں۔
تاہم امکان ظاہر کیا جارہا ہے کہ یورپی یونین اور برطانیہ کے درمیان ماہی گیری کے حقوق سے متعلق جاری تنازع کو حل کرنے کی ضرورت کی وجہ سے ممکنہ سیکیورٹی معاہدہ پیچیدہ ہو سکتا ہے۔
سر کیر سٹارمر کو ماہی گیری کے حقوق سے متعلق مسائل کی وجہ سے یورپی یونین کے ساتھ دفاعی اور سلامتی کا معاہدہ قائم کرنے میں ممکنہ رکاوٹوں کا سامنا ہے۔
برطانوی وزیراعظم یورپی یونین کے 27 سربراہان مملکت اور حکومت کے ساتھ ایک اہم عشائیہ کےلیے برسلز روانہ ہوں گے تاکہ یورپی یونین اور برطانیہ کے دفاع پر تبادلہ خیال کیا جا سکے، جو یوکرین پر روس کے حملے کے بعد زیادہ اہمیت کا حامل موضوع ہے۔
مذکورہ دعوت یورپی کونسل کے صدر انتونیو کوسٹا کی طرف سے ای یو اور برطانیہ کے سربراہی اجلاس سے پہلے آئی۔