ایمنسٹی انٹرنیشنل کا لبنان پر اسرائیلی حملوں کی جنگی جرائم کے طور پر تحقیقات کا مطالبہ

Published On 06 March,2025 02:48 am

نیویارک: (ویب ڈیسک) ایمنسٹی انٹرنیشنل نے لبنان پر اسرائیلی حملوں کی جنگی جرائم کے طور پر تحقیقات کا مطالبہ کر دیا۔

میڈیا رپورٹ کے مطابق ایمنسٹی انٹرنیشنل نے کہا کہ لبنان میں جنگ کے دوران اسرائیلی فوج کے صحت کی سہولیات، ایمبولینسوں اور کارکنان پر مسلسل ہونے والے غیر قانونی حملوں کی جنگی جرائم کے طور پر تفتیش ہونی چاہئے کیونکہ بین الاقوامی قوانین کے تحت ان مقامات کو محفوظ قرار دیا گیا ہے۔

جاری کردہ بیان میں لبنان کی حکومت پر زور دیتے ہوئے کہا گیا کہ وہ بین الاقوامی فوجداری عدالت کو روم کے قانون کے تحت لبنانی سرزمین پر ہونے والے جرائم کی تحقیقات اور ان پر مقدمہ چلانے کا دائرہ اختیار فراہم کرے اور متاثرین کے علاج کا حق یقینی بنائے۔

ایمنسٹی انٹرنیشنل نے کہا کہ اس نے گزشتہ سال 3 سے 9 اکتوبر تک بیروت اور جنوبی لبنان میں صحت کی سہولیات اور گاڑیوں پر اسرائیلی حملوں کی تحقیقات کیں، جن میں 19 کارکنان ہلاک اور 11 زخمی ہوئے اور متعدد ایمبولینسز اور دو طبی سہولیات کو نقصان پہنچایا جو تباہ ہو گئیں۔