موہالی: (ویب ڈیسک) بھارت کے خودساختہ پادری بجندر سنگھ کو زیادتی کے کیس میں موہالی کورٹ کی جانب سے عمر قید کی سزا سنادی گئی ہے جس کے بعد متاثرہ خاتون نے عدالت کا شکریہ ادا کیا۔
خاتون نے عدالت کے باہر میڈیا سے بات کرتے ہوئے کہا کہ میں بہت خوش ہوں، میں جج صاحب اور اپنے وکیل کی شکر گزار ہوں، عدالت نے میرے ساتھ انصاف کیا ہے، میں اس کے لیے شکر گزار ہوں اور میڈیا کا بھی شکریہ ادا کرتی ہوں۔
بجندر سنگھ کے خلاف کیس کی تفصیل
2018 میں زیراکشور کی ایک خاتون نے بجندر سنگھ کے خلاف پولیس میں شکایت درج کرائی تھی جس میں کہا گیا تھا کہ پادری نے اسے بیرون ملک جانے میں مدد کرنے کا جھانسہ دے کر جنسی زیادتی کی، خاتون نے یہ بھی الزام عائد کیا تھا کہ اس نے اس کی ایک فحش ویڈیو بنائی اور دھمکی دی کہ وہ اسے سوشل میڈیا پر پوسٹ کرے گا، بجندر سنگھ اس وقت ضمانت پر رہا تھا۔
بعدازاں عدالت نے سوشل میڈیا پر مشہور پادری بجندر سنگھ کو پچھلے ہفتے تعزیرات ہند کی دفعات 376 (زیادتی)، 323 (جان بوجھ کر چوٹ پہنچانے کی سزا) اور 506 (فوجداری دھمکیاں) کے تحت مجرم قرار دیا گیا تھا۔
فیصلے سے قبل خاتون نے بجندر سنگھ کے لیے کم از کم 20 سال کی سزا کا مطالبہ کیا تھا، خاتون نے کہا تھا میں چاہتی ہوں کہ اس کو کم از کم 20 سال کی قید ہو، اسے قانون کا بہت اچھا علم ہے اور یہ سب جرم وہ اپنی مرضی سے کرتا ہے، میں چاہتی ہوں کہ خواتین اس کے بارے میں کھل کر بات کریں اور اب ان کو خوفزدہ نہیں ہونا چاہیے۔