راہول گاندھی نے بھارتی خارجہ پالیسی کو ناکام قرار دے دیا

Published On 27 May,2025 11:11 pm

نئی دہلی: (ویب ڈیسک) بھارتی اپوزیشن لیڈرراہول گاندھی نے کہا ہےکہ بھارتی خارجہ پالیسی ناکام ہوگئی، پاکستان کے خلاف کسی ملک نے بھارت کا ساتھ نہیں دیا۔

بھارتی اپوزیشن لیڈر اور کانگریس کے سینئر رہنما راہول گاندھی نے مودی حکومت کی خارجہ پالیسی کو شدید تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے اسے مکمل طور پر ناکام قرار دیا ہے۔

بھارتی میڈیا کے مطابق راہول گاندھی نے پاک، بھارت کشیدگی کے تناظر میں سوشل میڈیا پلیٹ فارم ”ایکس“ (سابقہ ٹوئٹر) پر ایک بیان جاری کیا جس میں انہوں نے وزیر خارجہ ایس جے شنکر سے سخت سوالات اٹھائے۔

راہول گاندھی نے استفسار کیا کہ پاکستان کے خلاف بین الاقوامی سطح پر بھارت کو کسی بھی ملک کی حمایت کیوں حاصل نہیں ہوئی؟

انہوں نے یہ بھی پوچھا کہ کیا وزیر خارجہ قوم کو یہ بتائیں گے کہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ سے پاکستان اور بھارت کے درمیان ثالثی کی پیشکش کس نے کروائی تھی؟

کانگریس رہنما کا کہنا تھا کہ موجودہ حکومت کی خارجہ پالیسی نہ صرف غیر مؤثر ہے بلکہ اس نے بھارت کو عالمی سطح پر تنہا کر دیا ہے۔