غزہ پر بمباری بند، انسانی امداد فوری بحال کی جائے: اٹلی

Published On 29 May,2025 09:43 am

روم : (ویب ڈیسک) اسرائیل کے دوست ملک اٹلی کے وزیرِ خارجہ انتونیو تاجانی نے غزہ پر اسرائیل کے جاری حملوں کو ناقابل قبول قرار دیتے ہوئے فوری طور پر بند کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔

اطالوی پارلیمنٹ میں خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ اسرائیل کی جوابی کارروائی اب انتہائی خطرناک اور ناقابلِ برداشت صورت اختیار کر چکی ہے، غزہ پر بمباری بند ہونی چاہئے، انسانی امداد فوری بحال کی جائے اور بین الاقوامی انسانی قوانین کا احترام لازم ہے۔

اٹلی اسرائیل کا روایتی اتحادی سمجھا جاتا ہے، اب اپنی دائیں بازو کی حکومت کے اندر بھی غزہ میں جاری جنگ پر بے چینی کا شکار ہے، غزہ میں اب تک اسرائیلی حملوں سے 54 ہزار فلسطینی شہید ہو چکے ہیں۔

اطالوی اپوزیشن جماعتوں نے 7 جون کو روم میں اسرائیل کے خلاف مظاہرے کا اعلان کیا ہے، جس میں اسرائیل پر پابندیاں لگانے اور فلسطینی ریاست کو تسلیم کرنے کا مطالبہ کیا جائے گا۔

اطالوی وزیر خارجہ نے مزید کہا کہ اٹلی فلسطینی ریاست کے قیام کے حق میں ہے، لیکن یہ مذاکرات کے ذریعے ہی ممکن ہے۔ انہوں نے اسرائیل سے بات چیت جاری رکھنے کی حمایت کی، مگر خبردار کیا کہ فلسطینیوں کی جبری بے دخلی کبھی قابلِ قبول نہیں ہو سکتی۔

انہوں نے اس بات کا بھی عندیہ دیا کہ اٹلی مستقبل میں کسی عرب قیادت میں امن مشن میں شرکت کر سکتا ہے، اگر اس کا فیصلہ عالمی سطح پر ہوتا ہے۔