مسجدالاقصیٰ میں اسرائیلی وزیروں کی اشتعال انگیزی کی مذمت کرتے ہیں: عاصم افتخار

Published On 28 May,2025 11:17 pm

نیویارک: (دنیا نیوز) اقوام متحدہ میں پاکستان کے مستقل مندوب عاصم افتخار نے کہا کہ مسجدالاقصیٰ میں اسرائیلی وزیروں کی اشتعال انگیزی کی مذمت کرتے ہیں، غزہ میں اسرائیلی مظالم فوری طور پر بند کیے جائیں۔

اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کا اجلاس ہوا جس سے خطاب کرتے ہوئے پاکستانی مستقل مندوب عاصم افتخار کا کہنا تھا کہ غزہ میں اسرائیل کا غیر قانونی محاصرہ قبول نہیں کرتے، غزہ میں صیہونی فورسز کا محاصرہ فوری طورپر ختم ہونا چاہئے۔

عاصم افتخار نے کہا کہ اسرائیلی حملوں میں اب تک ہزاروں فلسطینی شہید ہو چکے ہیں، اسرائیلی حملوں میں خواتین اور بچوں کی بھی بڑی تعداد کو شہید کیا اور بربریت کا نشانہ بنایا گیا۔

انہوں نے کہا کہ غزہ میں فلسطینیوں کی بڑی تعداد بھوک اور افلاس کا شکار ہو رہی ہے، لاکھوں افراد امداد سے محروم ہیں، غزہ کے ہسپتالوں میں صورتحال سنگین ہو چکی ہے۔

عاصم افتخار نے کہا کہ فلسطینیوں کی جبری بے دخلی کو مسترد کرتے ہیں، فلسطینیوں کو ان کا حق دیا جائے، امداد فراہم کی جائے۔