اسرائیل کے سابق وزیراعظم نے نیتن یاہو کو جنگی مجرم قرار دے دیا

Published On 29 May,2025 11:32 am

مقبوضہ بیت المقدس : (ویب ڈیسک) اسرائیل کے سابق وزیراعظم ایہود اولمرٹ نے غزہ میں اسرائیلی وزیراعظم نیتن یاہو اور فوجی کارروائیوں کو جنگی جرائم قرار دے دیا۔

امریکی میڈیا کو انٹرویو میں ایہود اولمرٹ نے میزبان سے پوچھا کہ اگر یہ جنگی جرائم نہیں تو اور کیا ہیں؟ میں اب اسرائیل پر جنگی جرائم کے الزامات کا دفاع نہیں کر سکتا۔

سابق وزیراعظم کا کہنا تھا کہ نیتن یاہو اور اُن کی حکومت کے انتہائی دائیں بازو کے اراکین ایسے اقدامات کررہے ہیں کہ جنگی جرائم کے سوا جن کی کوئی اور تشریح ممکن نہیں۔

ایہود اولمرٹ نے شدید ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ غزہ کو بھوکا رکھنا ایک جنگی جرم ہے اور نیتن یاہو کی حکومت ایک غنڈوں کا گروہ بن چکی ہے جو اسرائیل کی نمائندگی کے قابل نہیں۔