پاک ترک انٹیلی جنس ایجنسیوں کی مشترکہ کارروائی، داعش کا اہم کمانڈر گرفتار

Published On 01 June,2025 06:31 pm

انقرہ: (دنیا نیوز) ترکیہ کی انٹیلیجنس ایجنسیوں نے پاکستان کی مدد سے داعش کے انتہائی مطلوب دہشت گرد ابو یاسر التُرکی کو گرفتار کر لیا ہے۔

ترک میڈیا کے مطابق یہ گرفتاری دونوں ممالک کی انٹیلیجنس ایجنسیوں کے مشترکہ آپریشن کا نتیجہ ہے، جس میں پاکستان نے کلیدی کردار ادا کیا۔

ابو یاسر التُرکی کو ترکی میں دہشتگردی کی متعدد کارروائیوں کا ماسٹر مائنڈ سمجھا جاتا ہے اور وہ طویل عرصے سے قانون نافذ کرنے والے اداروں کو مطلوب تھا، اس کی گرفتاری سے نہ صرف ترکیہ بلکہ خطے میں داعش کے نیٹ ورک کو بڑا دھچکا پہنچا ہے۔

ترک حکام نے پاکستان کے تعاون کو سراہتے ہوئے کہا ہے کہ اس مشترکہ کارروائی سے دونوں ممالک کے درمیان سیکیورٹی تعاون مزید مضبوط ہوا ہے۔

تجزیہ کاروں کے مطابق یہ کامیابی دہشتگردی کے خلاف عالمی جنگ میں ایک اہم پیش رفت ہے۔