سعودی عرب نے جون کے وسط سے براہ راست دھوپ میں کام کرنے پر پابندی عائد کردی

Published On 10 June,2025 05:14 am

ریاض: (ویب ڈیسک) سعودی عرب نے جون کے وسط سے براہ راست دھوپ میں کام کرنے پر پابندی عائد کردی۔

مقامی میڈیا کی رپورٹ کے مطابق سعودی عرب میں وزارت افرادی قوت و سماجی ترقی اور قومی کونسل برائے تحفظ و پیشہ ورانہ صحت نے نجی شعبے کی تمام تنصیبات پر براہ راست دھوپ میں کام کرنے پر پابندی کا اعلان کر دیا ہے، یہ پابندی 15 جون سے روزانہ دوپہر 12 بجے سے سہ پہر 3 بجے تک لاگو ہو گی۔

یہ فیصلہ کارکنوں کی صحت و سلامتی کو یقینی بنانے اور انہیں ممکنہ خطرناک موسمی اثرات سے بچانے کے لئے کیا گیا ہے تاکہ کام کی جگہوں پر ایک محفوظ اور صحت مند ماحول فراہم کیا جا سکے جو عالمی معیار کے مطابق ہو۔

وزارت نے مالکان سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ کام کے اوقات کی تنظیم نو کریں اور اس فیصلے کی مکمل پاسداری کریں تاکہ مختلف خطرات سے محفوظ ماحول فراہم کیا جا سکے، اس طرح سورج کی تیز روشنی سے پیدا ہونے والے پیشہ ورانہ امراض اور منفی اثرات کو کم سے کم کیا جا سکے گا، جس کا مثبت اثر پیداوار میں اضافے کی صورت میں ظاہر ہو گا۔

واضح رہے کہ وزارت نے اپنی ویب سائٹ پر ایک رہنما کتابچہ جاری کیا ہے تاکہ اداروں کو ان پر عمل درآمد میں آسانی ہو اور وہ اپنے کارکنان کی حفاظت کو یقینی بنا سکیں۔