اسرائیل کے ڈرون، ہیلی کاپٹر اور ٹینکوں سے براہ راست حملے، 120 فلسطینی شہید

Published On 11 June,2025 07:42 pm

غزہ: (دنیا نیوز) دہشت گرد اسرائیلی فورسز کی جانب سے فلسطینیوں کی نسل کشی کا سلسلہ جاری ہے۔

صیہونی فوج نے غزہ بھر میں ڈرون، ہیلی کاپٹر اور ٹینکوں سے براہ راست حملے کئے، اسرائیلی فوج نے 24 گھنٹے میں 120 فلسطینی شہید، 474 زخمی کر دیئے۔

عرب میڈیا کے مطابق صیہونی فوج نے امداد کے متلاشی فلسطینیوں پر حملے کئے، ایک روز میں 57 شہید، 363 زخمی ہوگئے۔

امدادی مراکز پر شہید پونے والے فلسطینیوں کی تعداد 224 ہوگئی، 1 ہزار 858 زخمی ہوئے، اسرائیلی فوج نے امدادی مراکز پر فلسطینیوں پر گولیاں چلانے کا اعتراف بھی کیا ہے۔

عرب میڈیا کے مطابق فلسطینی شہدا کی مجموعی تعداد 55 ہزار 104 ہوگئی، 1 لاکھ 27 ہزار 394 فلسطینی زخمی ہوئے۔

فلسطینی وزارت صحت کے مطابق غزہ کا نظام صحت تباہی کے دہانے پر پہنچ گیا ہے، شمالی غزہ میں تمام ہسپتال بند ہیں، صورتحال تباہ کن ہے۔

اسرائیلی سرحدی بندش کی وجہ سے ہسپتالوں میں طبی سامان نہیں، زندگی بچانے والی ادویات اور سامان کی شدید قلت ہے۔

فلسطینی وزارت صحت نے عالمی برادری سے فوری مداخلت کیلئے اپیل کی ہے۔