چینی صدر کا ایران اور اسرائیل سے کشیدگی فوری کم کرنے کا مطالبہ

Published On 17 June,2025 08:24 pm

بیجنگ: (دنیا نیوز) چینی صدر شی جن پنگ نے ایران اور اسرائیل سے فوری کشیدگی کم کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔

چینی صدر شی جن پنگ نے کہا کہ اسرائیل کی فوجی کارروائیوں سے خطے میں اچانک کشیدگی میں اضافہ ہوا ہے، فریقین کشیدگی میں کمی کیلئے فوری طور پر اقدامات کریں۔

چینی صدر نے کہا کہ کشیدگی کو ہوا دینے والے اسرائیلی اقدامات پر چین کو گہری تشویش ہے، کسی ملک کی خود مختاری، سلامتی اور علاقائی سالمیت کی خلاف ورزی کی مخالفت کرتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ فوجی تنازع مسائل کا حل نہیں ، کشیدگی میں اضافہ کسی کے بھی مفادمیں نہیں ، تمام فریقین تنازع کو جلد از جلد کم کریں اور کشیدگی کو مزید بڑھنے سے گریز کریں۔

چینی صدر نے مزید کہا کہ چین مشرق وسطیٰ میں امن اور استحکام کی بحالی کیلئےفریقین کیساتھ مل کر کردار ادا کرنے کیلئے تیار ہے۔