تہران: (دنیا نیوز) اسرائیل نے خنداب میں ہیوی واٹر ری ایکٹر کے قریب بمباری کردی۔
ایرانی حکام کے مطابق حملے سے قبل ری ایکٹر کو خالی کرا لیا گیا تھا، تابکاری کے پھیلاؤ کا کوئی خطرہ نہیں، تہران نے اقوام متحدہ کو مطلع کیا تھا یہ ری ایکٹر اگلے سال فعال کیا جائے گا۔
ایران بھر میں شہریوں کو انٹرنیٹ کی بندش کا سامنا کرنا پڑ رہا، ایرانی وزیر کمیونیکیشن کا کہنا ہے اسرائیلی سائبر حملوں سے بچنے کیلئے انٹرنیٹ تک رسائی کو عارضی طور پر محدود کیا گیا ہے،اسرائیلی ہیکرز گروپ نے ایرانی کرپٹو کرنسی ایکسچینج کے ادارے نوبی ٹیکس پر حملہ کیا۔
اسرائیلی ہیکرز نے 90 ملین ڈالر مالیت کی کرپٹو کرنسی چوری کرنے کا دعویٰ بھی کیا ہے۔
امریکا کا اسرائیل کے ساتھ زبردست تعاون جاری ہے: نیتن یاہو
اسرائیلی وزیراعظم نیتن یاہو نے کہا کہ امریکی صدرڈونلڈ ٹرمپ سےروزانہ بات ہوتی ہے، امریکا کا اسرائیل کےساتھ زبردست تعاون جاری ہے۔
ایران کے میزائل حملے کے بعد اسرائیلی وزیراعظم نیتن یاہو نے بیر شیبہ کے سورکا میڈیکل سینٹر کا دورہ کیا، انہوں نے ایرانی سپریم لیڈر آیت اللہ علی خامنہ ای پر ممکنہ حملے کو خارج از امکان قرار دینے سے انکار کر دیا۔
ٹائمز آف اسرائیل کے مطابق نیتن یاہو نے کہا کہ اب ایران میں کوئی بھی محفوظ نہیں ہے، تمام آپشن کھلے ہیں، اس بارے میں میڈیا میں بات کرنا بہتر نہیں ہے، اس کے برعکس، اسرائیلی وزیر دفاع اسرائیل کاٹز کھلے عام خامنہ ای کو دھمکیاں دے رہے ہیں۔
نیتن یاہو نے کہا کہ جنگ میں امریکا کی شمولیت صدر ٹرمپ کا فیصلہ ہے، ’وہ امریکا کے لیے جو بہتر ہوگا وہی کریں گے، اور میں اسرائیل کے لیے جو بہتر ہوگا وہ کروں گا‘، امریکی صدر ’کھیل کو سمجھتے ہیں‘۔
نیتن یاہو نے زور دیا کہ اگر ضرورت پڑی تو اسرائیل اکیلے پوری کارروائی انجام دے سکتا ہے، اس آپریشن کے اختتام پر نہ اسرائیل پر جوہری خطرہ ہوگا اور نہ بیلسٹک میزائل کا خطرہ۔
اپنے سیاسی مخالفین کی تنقید کو دعوت دینے والے ایک بیان میں نیتن یاہو نے کہا کہ ہم سب اس جنگ میں ذاتی قیمت ادا کر رہے ہیں، اور یہ میرے خاندان کو بھی متاثر کر چکی ہے، میرے بیٹے نے اپنی شادی منسوخ کر دی ہے۔
انتہائی درستگی کے ساتھ اسرائیل پر حملے کئے: ایرانی وزیر خارجہ
ایرانی وزیر خارجہ عباس عراقچی نے کہا کہ انتہائی درستگی کے ساتھ اسرائیل پر حملے کئے۔
ایرانی وزیر خارجہ عباس عراقچی نے بتایا کہ اسرائیلی فوجی کمان، کنٹرول، انٹیلی جنس ہیڈ کوارٹرز اور ایک اہم ہدف کو نشانہ بنایا، دھماکے سے ملٹری ہسپتال کے ایک چھوٹے سے حصے کو معمولی نقصان پہنچا۔
عباس عراقچی نے کہا کہ اسرائیلی شہری ہماری جانب سے دی گئی انخلا کی ہدایات پرعمل کریں، اسرائیلی شہری فوجی و انٹیلی جنس مقامات کے قریب جانے سے گریز کریں، ہماری فوج ایرانی عوام کو نشانہ بنانے والے مجرموں کو نشانہ بناتی رہے گی۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ اسرائیل نے سینکڑوں بے گناہ ایرانیوں کو بے دردی سے قتل کیا ہے، ایرانی میڈیا نے بتایا کہ ایران پر اسرائیلی حملوں میں اب تک 639 افراد شہید ایک ہزار 220 زخمی ہوئے۔