تہران: (دنیا نیوز) ایران نے آپریشن وعدہ صادق سوم کے تحت اسرائیل پر دوبارہ میزائل داغے اور ڈرون حملے کیے جن سے فوج کے کمانڈ اور انٹیلی جنس ہیڈ کوارٹرز کو نشانہ بنایا گیا۔
ایرانی میڈیا نے دعویٰ کیا کہ اسرائیلی فوج کے یونٹ82 ہنڈرڈ کو شدید نقصان پہنچا ہے۔
ایران کی سپریم نیشنل سیکیورٹی کونسل نے ساتھ ہی دنیا کو خبردار کیا ہے کہ کوئی بھی تیسرا فریق جنگ میں شامل ہوا تو اسکے خلاف فیصلہ کن کارروائی کی جائے گی۔
کونسل نے کہا کہ اگر بیرونی کرداروں نے تنازعہ بڑھانے کی کوشش کی تو ایران کا فوجی اور اسٹریٹیجک ردعمل فوری، متناسب اور پہلے سے طے شدہ طریقہ کے مطابق ہوگا۔
کونسل نے کہا کہ ایران کا عزم ہے کہ وہ اسرائیل کے جارحانہ اقدامات میں مربوط انداز سے شامل مغربی قوتوں بلخصوص امریکا کے خلاف اپنی خودمختاری کا دفاع کرے گا۔
گزشتہ روز ایران نے اسرائیل پر سب سے بڑا حملہ کیا، ایرانی بیلسٹک میزائل نے جنوبی اسرائیل میں واقع سورو کا ہسپتال کو نشانہ بنایا،130 سے زائد افراد زخمی،متعدد کی حالت تشویشناک ہے۔
یہ بھی پڑھیں: ایران اسرائیل جنگ: یورپی وزرائے خارجہ کا تہران کیساتھ جوہری مذاکرات کا فیصلہ
سپتال کی عمارت کھنڈر میں تبدیل ہوگئی، سجیل میزائلوں کی گرج سے صیہونی فوج پر ہیبت طاری ہوگئی، اسرائیلی خوف و ہراس کا شکار، زیر زمین شیلٹرز میں جا گھسے۔
ایرانی فوج کاکہنا ہے اہداف پر حملے جاری رہیں گے، صیہونیوں پر جہنم کے دروازے کھول دیئے، ایرانی حملوں میں اب تک 27 اسرائیلی ہلاک، 600 سے زائد زخمی ہو چکے ہیں۔
پاسداران انقلاب نے ایرانی صوبے لورستان میں ایک اور اسرائیلی ڈرون مار گرانے کا دعویٰ کیا ہے۔
ایران حق اور سچ پر کھڑا ہے، اللہ بڑی فتح سے نوازے گا:سپریم لیڈر کا پیغام
ایران کے سپریم لیڈر آیت اللہ خامنہ ای نے کہا کہ اللہ بہت رحیم ہے اور وہ ایران کو بڑی فتح سے نوازے گا کیونکہ ہم سچے اور حق پر کھڑے ہیں۔
سماجی رابطے کی سائٹ ایکس پر اپنے ایک بیان میں خامنہ ای نے اپنی قوم سے مخاطب ہوتے ہوئے کہا کہ ’میرے قوم کے لوگوں اگر آپ تھوڑا سا بھی مایوسی کا شکار ہوئے تو دشمن آپ کو مزید ڈرائے گا اور آپ کو نہیں چھوڑے گا۔
انہوں نے اپنی قوم کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ ’اب تک آپ نے دشمن کے خلاف اپنے اتحاد سے جو رویہ اپنایا ہے اُسے بھرپور طاقت کے ساتھ جاری رکھیں۔
خامنہ ای نے قرآن کی آیت کا ترجمہ بھی شیئر کیا ’فتح صرف اللہ کی طرف سے ہے جو غالب اور حکمت والا ہے‘ ۔
انتہائی درستی کے ساتھ اسرائیل پر حملے کئے: ایرانی وزیر خارجہ
ایرانی وزیر خارجہ عباس عراقچی نے بتایا کہ اسرائیلی فوجی کمان، کنٹرول، انٹیلی جنس ہیڈ کوارٹرز اور ایک اہم ہدف کو نشانہ بنایا، دھماکے سے ملٹری ہسپتال کے ایک چھوٹے سے حصے کو معمولی نقصان پہنچا۔
عباس عراقچی نے کہا کہ اسرائیلی شہری ہماری جانب سے دی گئی انخلا کی ہدایات پرعمل کریں، اسرائیلی شہری فوجی و انٹیلی جنس مقامات کے قریب جانے سے گریز کریں، ہماری فوج ایرانی عوام کو نشانہ بنانے والے مجرموں کو نشانہ بناتی رہے گی۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ اسرائیل نے سینکڑوں بے گناہ ایرانیوں کو بے دردی سے قتل کیا ہے، ایرانی میڈیا نے بتایا کہ ایران پر اسرائیلی حملوں میں اب تک 639 افراد شہید ایک ہزار 220 زخمی ہوئے۔