تہران: (ویب ڈیسک) ایران کے صدارتی ترجمان مجید فراہانی نے کہا ہے کہ صدر ٹرمپ چاہیں تو صرف ایک فون کال کے ذریعے جنگ روک سکتے ہیں۔
امریکی نشریاتی ادارے سے گفتگو میں ایران کے صدارتی ترجمان مجید فراہانی کہا کہ اگر امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ اسرائیلی قیادت کو ایران پر حملے روکنے کا حکم دیں تو ایران کے ساتھ سفارت کاری بہ آسانی دوبارہ شروع کی جا سکتی ہے۔
انہوں نے کہا کہ ایران سویلین مکالمے پر یقین رکھتا ہے، یہ براہِ راست ہو یا بالواسطہ، اہم بات یہ ہے کہ بات چیت ہو، انہوں نے کہا کہ صدر ٹرمپ صرف ایک فون کال کے ذریعے جنگ روک سکتے ہیں، بس اسرائیلیوں کو کال کردیں۔
یہ بھی پڑھیں: سیکرٹری جنرل اقوام متحدہ کا ایران اسرائیل فوری جنگ بندی کا مطالبہ
انہوں نے ایران کے مؤقف کو دہراتے ہوئے کہا کہ جب تک اسرائیلی بمباری جاری ہے، مذاکرات ممکن نہیں، ایران یورینیم کی افزودگی روکنے کے مطالبے کی حمایت نہیں کرے گا، تاہم کچھ رعایتیں دی جا سکتی ہیں۔
ایرانی صدارتی ترجمان کا کہنا تھا کہ ’ اگر امریکا اس جنگ میں شامل ہوتا ہےتو ہمارے پاس بہت سے آپشنز ہیں، اور وہ تمام آپشنز میز پر موجود ہیں۔’
واضح رہے کہ حالیہ دنوں میں یورپی طاقتیں امریکا اور اسرائیل کے اُس مطالبے میں شامل ہو گئی ہیں جس میں ایران پر یورینیم کی افزودگی پر پابندی عائد کرنے کی بات کی گئی ہے، اور انہوں نے اس اہم مسئلے پر اپنا مؤقف مزید سخت کر لیا ہے۔