ایران کا آئی اے ای اے سے امریکی حملوں کی تحقیقات کا مطالبہ

Published On 22 June,2025 05:35 pm

تہران: (دنیا نیوز) ایران نے اپنی جوہری تنصیبات پر امریکی فضائی حملوں کے خلاف سخت ردعمل دیتے ہوئے بین الاقوامی جوہری توانائی ایجنسی (IAEA) سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ ان حملوں کی فوری تحقیقات کرے۔

ایرانی سرکاری ٹی وی کے مطابق ایران کے جوہری ادارے کے سربراہ محمد اسلامی نے آئی اے ای اے کے ڈائریکٹر جنرل رافائل گروسی کو ایک خط ارسال کیا ہے جس میں انہوں نے امریکا کے حملوں کو ’’بین الاقوامی قوانین، خصوصاً جوہری عدم پھیلاؤ کے معاہدے (NPT) کی سنگین خلاف ورزی‘‘ قرار دیا ہے۔

محمد اسلامی نے گروسی پر ’’غفلت اور خاموشی‘‘ اختیار کرنے کا الزام بھی لگایا اور کہا کہ ایران اس سلسلے میں ’’مناسب قانونی اقدامات‘‘ اٹھائے گا، خط میں کہا گیا ہے کہ ’’یہ ایک باضابطہ احتجاج ہے، اور بین الاقوامی ضابطوں کی سنگین خلاف ورزیوں کے خلاف سخت اقدامات کی ضرورت ہے۔‘‘

دوسری جانب رافائل گروسی نے امریکی حملوں کے بعد آئی اے ای اے کے 35 ممالک پر مشتمل بورڈ آف گورنرز کا ہنگامی اجلاس بلانے کا اعلان کیا ہے تاکہ اس سنگین صورتحال کا جائزہ لیا جا سکے۔