امریکی حملے سے ایران کا جوہری فیول سائیکل متاثر نہیں ہوا: روس

Published On 24 June,2025 06:28 am

ماسکو: (دنیا نیوز) ڈپٹی چیئرمین روسی سکیورٹی کونسل نے کہا کہ امریکی حملے سے ایران کا جوہری فیول سائیکل متاثر نہیں ہوا۔

ڈپٹی چیئرمین روسی سکیورٹی کونسل نے دعویٰ کرتے ہوئے کہا کہ حملے سے ایران کے جوہری فیول سائیکل کو کچھ معمولی نقصانات ہوئے ہیں، امریکی حملے کے بعد بھی ایران میں یورینیم کی افزودگی کا عمل جاری رہے گا۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ بہت سے ملک ایران کو براہ راست جوہری وار ہیڈز دینے کیلئے تیار ہیں، اسرائیل اب بھی حملوں کی زد میں ہے، ٹرمپ کو پریزیڈنٹ آف پیس کہا گیا، اب امریکا کو ایک نئی جنگ میں دھکیل چکے ہیں۔

ایران نے شام کے بعد قطر، عراق میں امریکی فوجی اڈوں پر بیلسٹک میزائل داغ دیئے 

ایران نے شام کے بعد قطر کے دارالحکومت دوحہ اور عراق میں امریکی فوجی اڈوں پر بیلسٹک میزائل داغ دیئے۔

غیر ملکی خبر ایجنسی کے مطابق دوحہ میں دھماکوں کی آوازیں سنی گئی ہیں، بتایا گیا ہے کہ ایران کی جانب سے قطر میں امریکی فوجی اڈوں پر 6 میزائل داغے گئے ہیں۔

خبر ایجنسی کے مطابق فضا میں شعلے بلند ہوتے بھی دکھائی دے رہے ہیں، امریکا العدید ایئر بیس پہلے ہی خالی کر چکا ہے۔

ایرانی حملوں کے پیش نظر قطر اپنی فضائی حدود بند کر چکا ہے، قطری حکومت نے متعدد سکولوں کو بھی بند رکھنے کا حکم دیا ہے۔

ایران نے عراق میں بھی امریکی اہداف پر حملہ کر دیا، عراق میں امریکا کی عین السد ائیر بیس پر فضائی دفاعی نظام فعال کر دیا گیا ہے جبکہ وہاں موجود اہلکاروں کو بھی بنکروں میں جانے کی ہدایت کی گئی ہے۔

قطر نے امریکی فوجی اڈے پر ایرانی میزائل حملے کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ قطر اس حملے کا جواب دینے کا حق محفوظ رکھتا ہے، امریکی اڈے پر ایرانی میزائل حملے میں کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔

واضح رہے کہ قطر میں امریکی العدید ایئربیس مشرق وسطیٰ میں امریکا کا سب سے بڑا فوجی اڈہ ہے۔

ایرانی خبررساں ایجنسی تسنیم کے مطابق امریکی اڈوں پر ایرانی حملوں کو ’آپریشن بشارت فتح‘ کا نام دیا گیا ہے۔

اسرائیلی فوج نے بھی ایران کی جوہری تنصیب فردو پر حملہ کر دیا

امریکا کے بعد اسرائیلی فوج نے بھی ایران کی جوہری تنصیب فردو پر حملہ کر دیا، دھماکوں کی آوازیں سنائی دیں، اسرائیلی فوج نے 6 ہوائی اڈوں پر حملے کر کے 15 طیارے تباہ کرنے کا دعویٰ بھی کیا اور تہران میں یونیورسٹی اور جیل پر بمباری کی، ایران نے 10 اہلکار شہید ہونے کی تصدیق کر دی۔

اسرائیل نے ایران پر حملوں میں ہر حد پار کرتے ہوئے ایران کی ایٹمی سائٹ فردو پر حملہ کیا جس کی ایرانی حکام نے تصدیق کر دی، ایرانی حکام نے بتایا کہ ایران کے شہر کرج اور تہران پر بھی میزائل حملے کیے گئے ہیں۔

ایرانی میڈیا کے مطابق اسرائیلی حملوں کے بعد تہران میں زوردار دھماکے سنے گئے ہیں جبکہ شمالی تہران میں بجلی کی فراہمی منقطع ہو گئی ہے۔

اسرائیل نے ایران کے سرکاری نشریاتی ادارے کے ہیڈکوارٹر کو بھی نشانہ بنایا اور تہران میں یونیورسٹی پر بمباری کی۔

ادھر قم کے صوبائی عہدیدار نے اسرائیل کے فردو جوہری تنصیب کو نشانہ بنانے کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ جوہری پلانٹ میں دھماکوں کی آوازیں سنائی دی ہیں۔

ایرانی میزائل حملے سے جنوبی اسرائیل میں بجلی بند، کئی شہروں میں دھماکے

ایران نے صہیونی حملوں کے بعد جوابی کارروائی کرتے ہوئے اسرائیل پر کئی میزائل داغے ہیں جس کے بعد جنوبی اسرائیل میں ایک میزائل نے پاور پلانٹ کو نشانہ بنایا ہے جس کے نتیجے میں بجلی کی فراہمی متاثر ہوئی ہے، کئی اسرائیلی شہروں میں دھماکے سنے گئے ہیں۔

ایرانی میڈیا کے مطابق آج اسرائیل پر کیے گئے حملے میں خیبر شکن ، عماد، قدر، فتاح ون میزائل استعمال کیے گئے۔

قطری نشریاتی ادارے کے مطابق اسرائیلی میڈیا کا کہنا ہے کہ اسرائیل الیکٹرک کارپوریشن نے اس بات کی تصدیق کی ہے کہ ایک اسٹریٹجک انفرااسٹرکچر کے قریب میزائل گرا ہے، جس کے نتیجے میں کئی قصبات میں بجلی کی فراہمی متاثر ہوئی ہے۔

حملے کے دوران تقریباً 35 منٹ تک سائرن بجتے رہے، اسرائیلی میڈیا کے مطابق اسرائیلی عوام نے ایران کے خلاف جنگ شروع ہونے کے بعد آج سب سے طویل وقت پناہ گاہوں میں گزارا ہے۔