لندن: (ویب ڈیسک) برطانوی حکومت نے اپنی خفیہ ایجنسی ایم آئی 6 کی نئی سربراہ بلاز میٹریویلی کو اپنے دادا سے دور رہنے کی ہدایت کردی ہے۔
بلاز میٹریویلی رواں برس ایم آئی 6 کی 116 سالہ تاریخ میں اس ادارے کی پہلی خاتون سربراہ نامزد ہوئی ہیں، جس کا اعلان حکومت نے رواں ماہ کے آغاز میں کیا تھا۔
برطانوی جریدے ڈیلی میل نے انکشاف کیا کہ بلاز میٹریویلی کے دادا کونسٹینٹین ڈوبروولسکی نے سوویت یونین کی ریڈ آرمی سے غداری کر کے نازی جرمن فوج کے لیے یوکرین کے موجودہ علاقے چرنیہیف میں جاسوسی کی تھی۔
جرمن آرکائیوز سے پتا چلتا ہے کہ ڈوبروولسکی قصائی یا ایجنٹ نمبر 30 کے نام سے مقبول تھا۔
برطانوی دفتر خارجہ کے ترجمان نے وضاحت جاری کی کہ بلاز میٹریویلی نہ تو اپنے دادا سے کبھی ملی ہیں اور نہ ہی انہیں جانتی ہیں۔
ترجمان نے مزید کہا کہ بلاز میٹریویلی کی خاندانی تاریخ تضادات اور تقسیم سے عبارت ہے، جیسا کہ مشرقی یورپی ورثے رکھنے والے بہت سے افراد کے ساتھ ہوتا ہے اور یہ مکمل طور پر سمجھ میں آنے والی نہیں۔
ڈیلی میل کے مطابق ڈوبروولسکی کے سر کی قیمت سوویت حکام نے 50 ہزار روبل مقرر کی تھی اور اسے یوکرینی عوام کا بدترین دشمن قرار دیا گیا تھا، اس نے اپنے اعلیٰ افسران کو خطوط لکھ کر اعتراف کیا تھا کہ وہ ذاتی طور پر یہودیوں کے خاتمے میں شامل رہا ہے۔
رپورٹ کے مطابق 47 سالہ بلاز میٹریویلی ایم آئی 6 کی اٹھارہویں سربراہ ہوں گی، ان کے پیشروؤں کی طرح انہیں سی کے نام سے جانا جائے گا۔