اسرائیلی فوج کے فلسطینی پناہ گاہوں، امدادی قافلوں پر حملے، مزید 68 شہید

Published On 30 June,2025 06:40 pm

غزہ: (دنیا نیوز) غزہ میں اسرائیل فوج کی بربریت جاری، پناہ گاہوں اور امدادی قافلوں پر حملوں میں مزید 68 فلسطینی شہید، متعدد زخمی ہو گئے۔

عرب میڈیا کے مطابق خان یونس میں امداد کے منتظر فلسطینیوں پر اسرائیلی فضائی حملہ میں 13 فلسطینی شہید، 50 زخمی ہوئے۔

اسرائیل کی جانب سے شمالی غزہ کے علاقے جبالیہ میں ایک پناہ گزین سکول پر بمباری کی گئی، دیر البلاح میں الاقصی شہداء ہسپتال پر حملے میں درجنوں فلسطینی زخمی ہو گئے۔

عرب میڈیا کے مطابق غزہ میں امداد کے منتظر فلسطینیوں پر بھی حملے میں متعدد افراد شہید اور زخمی ہوئے۔

دوسری جانب بچوں میں گردن توڑ بخار کے تصدیق شدہ کیسز کی تعداد 35 ہوگئی۔

اسرائیلی فوج نے ایران سے جنگ بندی کے بعد غزہ میں بڑے آپریشن کی تیاری شروع کر دی، صیہونی فوج نے شمالی غزہ کے گنجان آباد علاقوں کو فوری خالی کرنے کا حکم دے دیا۔

عرب میڈیا کے مطابق اسرائیلی فوج نے شمالی غزہ میں آپریشن مکمل کرنے کے بعد وسطی علاقوں تک پھیلانے کا بھی عندیہ دے دیا۔

فلسطین میں شہدا کی مجموعی تعداد 56 ہزار 531 ہوگئی جبکہ 1 لاکھ 33 ہزار 642 فلسطینی زخمی ہوئے۔