اسرائیل کی غزہ کے مشہور کیفے پر بمباری، صحافیوں، فنکاروں سمیت 95 شہید

Published On 01 July,2025 08:53 am

مقبوضہ بیت المقدس : (ویب ڈیسک) اسرائیلی فورسز کی جانب سے غزہ میں جاری بمباری میں فلسطینی صحافیوں کو مسلسل نشانہ بنایا جا رہا ہے، تازہ ترین حملے میں غزہ سٹی کے مغربی علاقے میں واقع القعقاع کیفے پر فضائی حملے کے نتیجے میں کئی صحافی اور فنکار شہید جبکہ متعدد زخمی ہو گئے۔

یورپی ہیومن رائٹس مانیٹر کے چیئرمین رامی عبدو نے بتایا کہ شہدا میں زیادہ تر صحافی، فنکار اور سوشل میڈیا ایکٹیوسٹس شامل ہیں، جو اس کیفے میں بیٹھ کر خبریں اپلوڈ کر رہے تھے، یہ واضح ہوتا جا رہا ہے کہ اسرائیل جان بوجھ کر ان مراکز کو نشانہ بنا رہا ہے جہاں سے صحافی خبریں اور تصاویر نشر کرتے ہیں۔

اسرائیل کے اس کیفے پر حملے میں کم از کم 39 افراد شہید اور درجنوں زخمی ہوئے ہیں، حملے کے وقت علاقہ پہلے ہی انٹرنیٹ بلیک آؤٹ کا شکار تھا اور کیفے کو ان چند مقامات میں سے ایک سمجھا جاتا تھا جہاں اب بھی جزوی انٹرنیٹ دستیاب تھا۔

غزہ کے حکام نے تصدیق کی ہے کہ شہید ہونے والوں میں مشہور آرٹسٹ فرانس السالمی اور اسماعیل ابو حطب نامی صحافی بھی شامل ہیں، جو مختلف میڈیا اداروں کے ساتھ منسلک تھے، دفتر نے اس حملے کو فلسطینی صحافیوں کے منظم قتل، ٹارگٹ کلنگ اور منہ بند کرنے کی کوشش قرار دیتے ہوئے شدید مذمت کی ہے۔

اس کے علاوہ ہسپتال ذرائع کے مطابق 24 گھنٹوں کے دوران اسرائیلی حملوں میں کم از کم 95 فلسطینی شہید ہوچکے ہیں، جن میں شمالی غزہ میں 57 افراد اور جنوبی شہر رفح کے شمالی علاقے میں امداد کے انتظار میں کھڑے 15 شہری شامل ہیں۔

واضح رہے کہ اسرائیل نے 7 اکتوبر 2023 سے غزہ میں اپنے فوجی آپریشن کا آغاز کیا تھا، جسے فلسطینی حلقے نسل کشی قرار دے رہے ہیں۔ غزہ کی وزارت صحت کے مطابق اب تک 56 ہزار 530 سے زائد فلسطینی شہید ہو چکے ہیں۔