غزہ :(دنیا نیوز) اسرائیل کی غزہ میں بربریت جاری ہے، بے گھراور امداد کے متلاشی افراد پر حملوں مزید 65فلسطینی شہید،180سےزائد زخمی ہوگئے۔
عرب میڈیا رپورٹس کے مطابق امداد کے منتظر 30 افراد اسرائیلی فائرنگ سے شہید ہوئے، گزشتہ دو دنوں میں غزہ پر 250 بار حملہ کیا، دوسری جانب فلسطینی حکام کا کہنا تھا کہ غزہ میں 6 لاکھ 50 ہزار بچے قحط کے خطرے سے دوچار ہیں۔
رپورٹس میں مزید بتایا گیا کہ اب تک شہدا کی مجموعی تعداد 57 ہزار 762 ہوگئی، جب کہ 1 لاکھ 37 ہزار سے زائدافراد زخمی ہو چکے ہیں ۔
علاوہ ازیں اقوام متحدہ کا کہنا کہ اسرائیلی فورسز حالیہ دنوں میں کئی بار امداد کے منتظر فلسطینیوں کو بھی نشانہ بنا چکی ہے، گزشتہ چھ ہفتوں میں اسی طرح کی تقریباً 800 ہلاکتیں ہوئیں، غزہ میں بھوک کا بحران غیر معمولی سطح پر پہنچ چکا، صورتحال مزید بدتر ہو رہی ہے، ہر3 میں سے ایک شخص بغیر کچھ کھائے دن گزارتا ہے۔