غزہ میں بھوک اورمصیبت ناقابلِ بیان، اسرائیل اپنا راستہ بدلے: برطانوی وزیرِاعظم

Published On 25 July,2025 08:56 am

لندن: (ویب ڈیسک) برطانوی وزیرِاعظم کیئراسٹارمر نے کہا ہے کہ غزہ کی پٹی میں موجودہ بھوک، تباہی اورانسانی مصیبت ناقابلِ بیان ہے، اسرائیل اپنا راستہ بدلے، فلسطینی علاقوں میں امدادی سامان کی رسائی کو یقینی بنائے۔

برطانوی وزیرِاعظم کیئراسٹارمرنے اقوام عالم سے بھی فعال کردار ادا کرنے کی اپیل کرتے ہوئے کہا کہ آج فرانسیسی صدراورجرمن چانسلر کے ساتھ ہنگامی کال میں قتل و غارت روکنے، خوراک کی فراہمی اورجنگ بندی پرتبادلہ خیال کیا جائے گا۔

انہوں نے کہا کہ فریقین نیک نیتی سے بات چیت کریں اورفوری جنگ بندی پرمتفق ہوں، مستقل جنگ بندی، فلسطینی ریاست کے قیام اوردو ریاستی حل کی طرف ایک عملی پیش رفت ہوگی جو نہ صرف فلسطین بلکہ اسرائیل کے لیے بھی امن وسلامتی کی ضمانت بنے گا۔

برطانوی وزیر اعظم نے غزہ کی صورتحال کو ناقابلِ بیان انسانی المیہ قرار دیتے ہوئے کہا کہ غزہ کی صورتحال ناقابلِ بیان اور ناقابلِ دفاع ہے، اگرچہ یہ صورتحال کچھ عرصے سے سنگین تھی، مگر اب اس میں نئی شدت آگئی اور مسلسل بگڑتی جا رہی ہے۔