کوالالمپور: (ویب ڈیسک) ملائیشین وزیراعظم انورابراہیم نے کہا ہے کہ تھائی لینڈ اور کمبوڈیا مشروط جنگ بندی پررضامند ہو گئے ہیں اور دونوں ممالک نے سرحد سے افواج ہٹانے کیلئے وقت مانگا ہے۔
انورابراہیم نے دعوی کیا کہ فریقین نے سرحدی کشیدگی میں کمی کے لیے افواج کی واپسی پرآمادگی ظاہرکی ہے تاکہ خطے میں امن قائم کیا جا سکے، یہ پیش رفت دونوں ممالک کے درمیان حالیہ کشیدگی کے بعد اہم سفارتی کوششوں کا نتیجہ ہے۔
ملائیشیا نے ثالثی کا کردارادا کرتے ہوئے فریقین کوتنازع حل کرنے کیلئے مذاکرات کا مشورہ دیا تھا، توقع ہے کہ جلد ہی سرکاری سطح پر جنگ بندی اور افواج کی واپسی کا طریقہ کار طے پا جائے گا۔
قبل ازیں اقوام متحدہ میں کمبوڈیا نے تھائی لینڈ کے ساتھ فوری جنگ بندی کا مطالبہ کیا ہے اور کہا کہ کمبوڈیا غیر مشروط طور پر جنگ بندی کا مطالبہ کرتا ہے جبکہ تھائی لینڈ نے جنگ بندی کی تجویز پر عوامی طور پر کوئی تبصرہ نہیں کیا ہے۔
اس سے قبل کمبوڈیا کی سرحد سے متصل آٹھ اضلاع میں مارشل لا کا اعلان کیا گیا تھا۔
واضح رہے کہ تھائی لینڈ اور کمبوڈیا کے درمیان جھڑپوں سے 33 افراد ہلاک اور 122 افراد زخمی ہو چکے ہیں۔