سعودی عرب اور فرانس کے درمیان سکیورٹی تعاون کا معاہدہ

Published On 30 July,2025 03:56 am

پیرس: (ویب ڈیسک) سعودی عرب اور فرانس کے سکیورٹی تعاون سے متعلق ایگزیکٹو دستاویز پر دستخط ہوگئے۔

عالمی میڈیا کی رپورٹ کے مطابق سعودی وزیرداخلہ شہزادہ عبدالعزیز بن سعود بن نائف نےاپنے فرنسیسی ہم منصب برونو ریٹیلیو سے پیرس میں ملاقات کی جس میں دونوں ممالک کے وزرائے داخلہ نے سکیورٹی تعاون سے متعلق ایگزیکٹو دستاویز پر دستخط کئے۔

ملاقات میں دونوں ممالک کے درمیان سکیورٹی سے متعلق متعدد امور پر تبادلہ خیال کیا گیا جن میں منظم جرائم، منشیات کی سمگلنگ اور منی لانڈرنگ کے نیٹ ورکس کا مقابلہ کرنے کے ساتھ ساتھ دونوں ممالک کے درمیان مہارت کے تبادلے کو بڑھانا شامل ہے۔

سعودی وزیرداخلہ شہزادہ عبدالعزیز بن سعود بن نائف نے کہا کہ ملاقات کا مقصد سعودی قیادت کی ہدایات پر عمل درآمد کرتے ہوئے دونوں ممالک کے درمیان سکیورٹی تعاون کو بڑھانا ہے، انہوں نے خطرات سے نمنٹے کے لئے فرانس کے ساتھ مشترکہ کوششوں کو بڑھانے کے لئے مملکت کے عزم کا اعادہ کیا۔

سعودی وزیر داخلہ نے اپنے فرانسیسی ہم منصب کو فرانس کے قومی دن کے موقع پر مبارکباد بھی دی، اس موقع پر معاون وزیر داخلہ ڈاکٹر ہشام بن عبدالرحمٰن الفالح، فرانس میں سعودی سفیر فہد بن معیوف الرویلی اور دیگر اعلیٰ عہدیدار بھی موجود تھے۔