واشنگٹن: (دنیا نیوز) امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے بھارت پر ٹیرف عائد کرنے کا اعلان کر دیا، ٹیرف عائد ہونے پر بھارتی میڈیا میں صف ماتم بچھ گئی۔
امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا کہ یکم اگست سے بھارت کو 25 فیصد ٹیرف دینا ہوگا، بھارت نے ٹیرف ادا نہ کیا توبھاری جرمانہ ادا کرنا ہوگا، امریکا بھارت سے اس سے قبل 14.26 فیصد ٹیرف وصول کررہا تھا۔
امریکی صدر نے کہا کہ بھارت نے دوست ہونے کے باوجود ہم سے کم کاروبار کیا، بھارت دنیا میں سب زیادہ ٹیرف وصول کرتا ہے مگر ہمیں کم دیتا تھا
ٹرمپ نے کہا کہ بھارت نے ہمیشہ فوجی سازوسامان کے بڑے سودے روس سے کیے، بھارت چین کے ساتھ ساتھ روس توانائی کا سب سے بڑا خریدار ہے۔
امریکی صدر نے کہا کہ بھارت ٹیرف کے ساتھ ساتھ جرمانہ بھی ادا کرے گا جو یکم اگست سے لاگو ہوگا، بھارت کی تجارتی رکاوٹیں بھی سخت ترین اور ناپسندیدہ ہیں۔
خیال رہے کہ امریکی صدر نے اپریل میں بھارتی مصنوعات پر 26 فیصد ٹیرف کے نفاذ کا اعلان کیا تھا جس پر عملدرآمد جولائی تک کے لیے ملتوی کر دیا گیا تھا۔
اس سے قبل امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے بھارت میں کار ساز کمپنی ٹیسلا کا مینوفیکچرنگ پلانٹ لگنے سے بھی رکوادیا تھا۔
علاوہ ازیں ٹرمپ نے ایپل کو بھی خبردار کیا تھا کہ اگر کمپنی نے اپنے آئی فونز امریکا میں تیار نہیں کیے تو اسے 25 فیصد ٹیرف کا سامنا کرنا پڑےگا۔
ٹرمپ کا کہنا تھا کہ ہمیں توقع ہےکہ امریکا میں فروخت ہونے والے آئی فونز امریکی سرزمین میں تیار کیے جائیں گے، بھارت یا کسی اور جگہ نہیں، اگر ایسا نہیں ہوتا تو ایپل کو امریکا میں کم از کم 25 فیصد ٹیرف ادا کرنا ہوگا۔