ٹریڈ ڈیل مکمل، ہو سکتا ہے پاکستان ایک دن بھارت کو تیل فروخت کرے: ڈونلڈ ٹرمپ

Published On 31 July,2025 01:14 am

واشنگٹن: (دنیا نیوز) امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے اعلان کیا ہے کہ پاکستان کے ساتھ ٹریڈ ڈیل مکمل ہو گئی۔

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہاکہ ڈیل کے تحت امریکا اور پاکستان ملکر اپنے اپنے تیل کے ذخائر کو تلاش کریں گے، دونوں حکومتیں ملکر اس آئل کمپنی کا طے کریں گی جو تیل تلاش کرے گی۔

صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے مزید کہا کہ ہوسکتا ہے ایک دن پاکستان بھارت کو تیل فروخت کرے۔

امریکی صدر نے کہا کہ تفصیلی رپورٹ مناسب وقت پر دنیا کے سامنے آجائے گی، وائٹ ہاؤس میں ٹریڈ ڈیلز پر کام کرنے میں مصروف ہیں، ہماری جاپان کے ساتھ ڈیل مکمل ہوگئی ہے، یورپی یونین کے ساتھ ہم نے اچھی ڈیل کی، بہت سے ممالک سے بات کی سب امریکا کو خوش کرنا چاہتے ہیں، معاہدوں سے امریکا کا خسارہ بڑی حد تک کم ہوجائے گا۔

واضح رہے کہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے بھارت پر ٹیرف عائد کرنے کا اعلان کرتے ہوئے کہا تھا کہ یکم اگست سے بھارت کو 25 فیصد ٹیرف دینا ہوگا، بھارت نے ٹیرف ادا نہ کیا توبھاری جرمانہ ادا کرنا ہوگا، امریکا بھارت سے اس سے قبل 14.26 فیصد ٹیرف وصول کررہا تھا۔

امریکی صدر کا کہنا تھا کہ بھارت نے دوست ہونے کے باوجود ہم سے کم کاروبار کیا، بھارت دنیا میں سب زیادہ ٹیرف وصول کرتا ہے مگر ہمیں کم دیتا تھا، ٹرمپ نے کہا تھا کہ بھارت نے ہمیشہ فوجی سازوسامان کے بڑے سودے روس سے کئے، بھارت چین کے ساتھ ساتھ روس توانائی کا سب سے بڑا خریدار ہے۔

امریکی صدر کا یہ بھی کہنا تھا کہ بھارت ٹیرف کے ساتھ ساتھ جرمانہ بھی ادا کرے گا جو یکم اگست سے لاگو ہوگا، بھارت کی تجارتی رکاوٹیں بھی سخت ترین اور ناپسندیدہ ہیں۔

خیال رہے کہ امریکی صدر نے اپریل میں بھارتی مصنوعات پر 26 فیصد ٹیرف کے نفاذ کا اعلان کیا تھا جس پر عملدرآمد جولائی تک کے لئے ملتوی کر دیا گیا تھا، اس سے قبل امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے بھارت میں کار ساز کمپنی ٹیسلا کا مینوفیکچرنگ پلانٹ لگنے سے بھی رکوادیا تھا۔

علاوہ ازیں ٹرمپ نے ایپل کو بھی خبردار کیا تھا کہ اگر کمپنی نے اپنے آئی فونز امریکا میں تیار نہیں کئے تو اسے 25 فیصد ٹیرف کا سامنا کرنا پڑے گا۔

ٹرمپ کا کہنا تھا کہ ہمیں توقع ہے کہ امریکا میں فروخت ہونے والے آئی فونز امریکی سرزمین میں تیار کیے جائیں گے، بھارت یا کسی اور جگہ نہیں، اگر ایسا نہیں ہوتا تو ایپل کو امریکا میں کم از کم 25 فیصد ٹیرف ادا کرنا ہوگا۔