واشنگٹن: (دنیا نیوز) امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ فلسطینی ریاست کو تسلیم کرنے کے کینیڈا کے بیان پر ناراض ہوگئے۔
امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے وائٹ ہاؤس میں میڈیا سے گفتگو میں کہا فلسطینی ریاست کو تسلیم کرنے سے متعلق کینیڈا نے جو کیا وہ پسند نہیں، فلسطینی ریاست کے بارے میں کینیڈا کا مؤقف ڈیل بریکر نہیں، کینیڈا جو راستہ اختیار کرے گا ویسا ہی سلوک کیا جائے گا۔
ڈونلڈ ٹرمپ کا کہنا تھا کہ غزہ میں صورتحال خوفناک ہے، امریکا نے غزہ میں خوراک کیلئے 60 ملین ڈالر دیئے، کسی نے شکریہ ادا نہیں کیا، ایران کی ایٹمی طاقت بننے کی صلاحیت ختم کردی، کارروائی نہ کرتے تو ایران کچھ ہفتوں میں ایٹمی طاقت بن جاتا، ایران اب بھی اچھی باتیں نہیں کررہا۔
امریکی صدر کا کہنا تھا کہ روس اور یوکرین کی جنگ اب رک جانی چاہئے، روس جو کچھ کر رہا ہے وہ قابل مذمت ہے، امریکی صدر نے روس پر پابندیاں عائد کرنے کا عندیہ دے دیا۔
ڈونلڈ ٹرمپ نے فزیکل فٹنس سے متعلق ایگزیکٹو آرڈر پر دستخط کر دیئے۔