روس میں ایک بار پھر زلزلہ، شدت 7.0 ریکارڈ کی گئی

Published On 03 August,2025 04:58 pm

ماسکو: (دنیا نیوز) روس کے کورل جزائر میں 7.0 شدت کا زلزلہ ریکارڈ کیا گیا ہے۔

جرمن ریسرچ سینٹر فار جیو سائنسز کے مطابق زلزلے کی گہرائی سطح زمین سے 10 کلومیٹر نیچے تھی، زلزلے کے بعد جزیرہ کمچٹکا کے تین اضلاع میں سونامی کی وارننگ بھی جاری کی گئی مگر پھر اسے واپس لے لیا گیا۔

یو ایس جیولوجیکل سروے اور پیسیفک سونامی وارننگ سسٹم کے مطابق زلزلے کی شدت 7.0 تھی مگر زلزلے کے بعد سونامی وارننگ جاری نہیں کی گئی۔

دوسری جانب روسی خبر رساں ادارے کی جانب سے بتایا گیا کہ کمچٹکا میں سیکڑوں برسوں سے خوابیدہ آتش فشاں نے ایک بار پھر لاوا اگلنا شروع کر دیا ہے، Krasheninnikov نامی آتش فشاں سے 600 برسوں میں پہلی بار لاوا خارج ہوا۔

خیال رہے کہ یہ وہی خطہ ہے جہاں گزشتہ دنوں 8.8 شدت کا زلزلہ آیا تھا جس کے بعد روس سمیت جاپان، انڈونیشیا، آسٹریلیا، امریکا اور چلی میں سونامی الرٹ جاری کیے گئے۔

روسی سائنسدانوں کا ماننا ہے کہ آتش فشاں کا پھٹنا گزشتہ ہفتے کے زلزلے سے جڑا ہے، انہوں نے کہا کہ یہ 600 برسوں میں پہلی بار ہے جب اس آتش فشاں سے لاوے کا اخراج ہوا جو کہ ممکنہ طور پر گزشتہ ہفتے کے زلزلے سے جڑا ہے۔