قاہرہ: (دنیا نیوز) مصر کے صدر عبدالفتاح السیسی نے کہا ہے کہ مصر کا غزہ پٹی کے گرد ظالمانہ محاصرے میں کوئی کردار نہیں۔
ویتنام کے صدر کے ہمراہ مشترکہ خطاب میں مصری صدر کا کہنا تھا کہ مصر غزہ پٹی اور فلسطینیوں کے حوالے سے اپنے موقف سے ہرگز پیچھے نہیں ہٹا، مصر فلسطینیوں کی جلا وطنی میں حصہ لے گا نہ ہی حمایت کرے گا۔
انہوں نے کہا کہ گزشتہ مہینوں میں غزہ پہنچنے والے امدادی سامان کا 70 فیصد حصہ مصر نے بھیجا تھا، اسرائیل کے زیر قبضہ رفح گزرگاہ سے امدادی سامان کی غزہ میں داخلے میں بڑی رکاوٹ ہے۔
مصری صدر نے مزید کہا ہے کہ مصری رفح گزرگاہ پر ابھی بھی امدادی سامان سے لدے 5 ہزار ٹرک کھڑے ہوئے ہیں، مصر پر غزہ کے لئے امدادی سامان روکنے کا الزام انتہائی گھٹیا سوچ رکھنے والے لگا رہے ہیں، غزہ کی تباہی اور بربادی پر تاریخ کچھ ممالک کا محاسبہ ضرور کرے گی۔