عاصم منیر کیساتھ ممکنہ ملاقات کا ڈر، مودی نے ٹرمپ کی دعوت قبول نہیں کی، امریکی جریدے کا دعویٰ

Published On 08 August,2025 08:21 pm

واشنگٹن: (دنیا نیوز) امریکی جریدے بلومبرگ نے دعویٰ کیا ہے کہ فیلڈ مارشل عاصم منیر سے ممکنہ ملاقات کے ڈر سے بھارتی وزیراعظم نریندر مودی نے امریکی صدر کی دعوت قبول کرنے سے انکار کیا۔

امریکی جریدے  بلومبرگ  نے دعویٰ کیا ہے کہ بھارتی وزیر اعظم نریندر مودی نے فیلڈ مارشل عاصم منیر سے ممکنہ آمنا سامنا ہونے کے خدشے کے باعث امریکی صدر کی جانب سے دی گئی دعوت قبول کرنے سے گریز کیا۔

رپورٹ کے مطابق 17 جون کو امریکی صدر نے مودی کو عشائیے پر مدعو کیا تھا لیکن مودی نے یہ دعوت اس لیے مسترد کر دی کہ کہیں امریکی صدر ان کی فیلڈ مارشل عاصم منیر سے ملاقات نہ کرا دیں۔

جریدے نے مزید انکشاف کیا کہ اسی دن مودی اور امریکی صدر کے درمیان تقریباً 45 منٹ طویل ٹیلیفونک گفتگو بھی ہوئی، جسے دونوں ممالک کے تعلقات میں ایک اہم موڑ قرار دیا جا رہا ہے۔

اس گفتگو کے بعد امریکا اور بھارت کے تعلقات میں کشیدگی بڑھنا شروع ہوئی، اس کشیدگی کا مظاہرہ اس وقت بھی ہوا جب سابق امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے بھارتی معیشت کو  مردہ  قرار دیا، اور بعد ازاں بھارتی مصنوعات پر 50 فیصد ٹیرف عائد کر دیا۔