غزہ: (ویب ڈیسک) غزہ پر مکمل قبضے کے اسرائیلی منصوبے کی مذمت کرتے ہوئے جرمنی نے اسرائیل کو غزہ میں استعمال ہونے والا اسلحہ برآمد کرنے سے انکار کر دیا۔
جرمن چانسلر نے کہا کہ یہ سمجھنا مشکل ہے کہ اسرائیلی فوجی کارروائی کس طرح اپنےمقاصد حاصل کرے گی، لہٰذا جرمن حکومت اگلے نوٹس تک غزہ کی پٹی میں استعمال ہونے والے فوجی ساز و سامان کی برآمد کی اجازت نہیں دے گی۔
دوسری جانب اسرائیلی منصوبے کی دنیا بھر سے شدید مذمت بھی سامنے آرہی ہے، ڈنمارک نے اسرائیل سے غزہ پر قبضے کا منصوبہ فوری واپس لینے کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ اسرائیل کا غزہ پر قبضے اور فوجی کارروائیاں بڑھانے کا فیصلہ غلط ہے۔
سعودی عرب نے بھی غزہ پر قبضے کی اسرائیلی کوشش کی مذمت کی جبکہ اقوام متحدہ نے اسرائیل سے غزہ پر قبضے کا منصوبہ فوری روکنے کا مطالبہ کیا۔
برطانوی وزیراعظم کیئر اسٹارمر نے اسرائیل سے فیصلے پر فوری نظر ثانی کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ مجوزہ اقدام سے غزہ میں خونریزی بڑھے گی۔