اسرائیل کیساتھ 12 روزہ جنگ کے دوران 21 ہزار مشتبہ افراد گرفتار کیے: ایران

Published On 13 August,2025 11:05 am

تہران: (دنیا نیوز) ایران نے دعویٰ کیا ہے کہ اسرائیل کے ساتھ حالیہ 12 روزہ جنگ کے دوران ملک بھر میں 21 ہزار مشتبہ افراد کو گرفتار کیا گیا۔

ایرانی میڈیا کے مطابق یہ گرفتاری مہم 13 جون کو اسرائیلی فضائی حملے کے بعد شروع کی گئی جس میں ایرانی سکیورٹی اور پولیس فورسز نے ملک گیر کریک ڈاؤن کیا۔

ایرانی پولیس کے ترجمان نے بتایا کہ 41 فیصد گرفتاریاں عوام کی جانب سے دی گئی اطلاعات کی بنیاد پر کی گئیں جبکہ حراست میں لیے گئے افراد میں 2 ہزار سے زائد غیر قانونی مہاجرین شامل ہیں۔

ترجمان کے مطابق 261 افراد کو اسرائیلی خفیہ ایجنسی موساد کے لیے جاسوسی کے شبے میں اور 172 افراد کو حکومتی اجازت کے بغیر ویڈیو بنانے کے الزام میں گرفتار کیا گیا۔

واضح رہے کہ ایران ماضی میں بھی اسرائیل کے لیے جاسوسی کے الزام میں متعدد افراد کو سزائے موت دے چکا ہے۔