کویت: زہریلی شراب پینے سے 13 تارکیں وطن ہلاک، 63 افراد کی حالت تشویشناک

Published On 14 August,2025 08:01 pm

کویت سٹی: (ویب ڈیسک) کویت میں زہریلی شراب پینے سے 13 تارکیں وطن ہلاک ہوگئے، زہریلی شراب پینے سے ہلاک ہونے والوں میں اکثریت جنوبی ایشیائی ممالک سے ہے ۔

عرب میڈیا کے مطابق کویت کی وزارتِ صحت نے تصدیق کی ہے کہ زہریلی شراب پینے سے اب 13 افراد ہلاک ہو چکے ہیں، 63 سے زائد افراد کی حالت تشویشناک ہے جن میں سے 31 کو وینٹی لیٹر پر منتقل کرنا پڑا۔ 21 بینائی محروم ہوگئے۔

کویتی وزارتِ صحت کے بیان میں کہا گیا ہے کہ شراب میں میتھانول کی موجودگی پائی گئی جو ایک انتہائی خطرناک کیمیکل ہے، اس کیمیکل کا پہلا حملہ بصارت پر ہوتا ہے اور متاثرہ شخص بینائی محروم یا کمزور ہوجاتی ہے۔

زہریلی شراب پینے سے متاثرہ افراد کی اکثریت جنوبی ایشیا سے تعلق رکھنے والے تارکینِ وطن پر مشتمل ہے، جو کویت میں تعمیراتی، گھریلو اور تجارتی خدمات کے شعبوں میں کام کرتے ہیں۔

یاد رہے کہ کویت میں 1964 سے شراب کی درآمد پر مکمل پابندی عائد ہے جبکہ 1980 کی دہائی میں شراب نوشی کو بھی مجرمانہ عمل قرار دیا گیا، ان پابندیوں کے باوجود غیر قانونی طور پر تیار کی جانے والی شراب کی خفیہ فروخت ایک دیرینہ مسئلہ ہے، جس سے اکثر غریب تارکینِ وطن متاثر ہوتے ہیں۔