واشنگٹن: (ویب ڈیسک) امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے میری لینڈ کے گورنر ویس مور کے ساتھ تنازع کے بعد بالٹی مورشہر میں نیشنل گارڈز کی تعیناتی بڑھانے کی دھمکی دے دی۔
عالمی میڈیا کی رپورٹ کے مطابق ڈونلڈ ٹرمپ نے ٹروتھ سوشل پربیان میں کہا کہ ویس مور کا جرائم کے حوالے سے ریکارڈ بہت خراب ہے، وہاں دیگر بلیو سٹیٹس کی طرح جرائم کے اعداد و شمار میں ہیر پھیر کیا جاتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ اگر ویس مور کو مدد چاہئے (جیسے گیون نیوزم کو ایل اے میں ضرورت پڑی تھی) تو میں فوجی بھیج دوں گا جیسا کہ قریب ہی واشنگٹن ڈی سی میں کیا جا رہا ہے، اس طرح تیزی سے جرائم پر قابو پا لیں گے۔
واضح رہے کہ ٹرمپ کے یہ ریمارکس میری لینڈ کے گورنر کی اس حالیہ پیشکش کے جواب میں آئے جس میں انہوں نے کہا تھا کہ ٹرمپ میری لینڈ کی گلیوں میں چل کر عوامی تحفظ پر بات کر سکتے ہیں، ٹرمپ نے اس پیشکش کو ناگوار اور اشتعال انگیز لہجہ قرار دیا۔
ویس مور نے سی بی ایس کو ایک انٹرویو میں کہاکہ میں نے ڈونلڈ ٹرمپ کو اپنے ساتھ شامل ہونے کی دعوت اس لئے دی کیونکہ وہ حقیقت سے لاعلمی میں خوش نظر آتے ہیں، وہ پرانے تصورات اور 1980 کی دہائی کے خوف پھیلانے والے ہتھکنڈوں پر یقین رکھتے ہیں۔
ادھر بالٹی مور پولیس ڈیپارٹمنٹ کے مطابق 2025 میں شہر میں قتل کی وارداتوں میں گزشتہ سال کے مقابلے میں 22 فیصد کمی آئی ہے۔