واشنگٹن: (دنیا نیوز) امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ اور کینیڈین وزیراعظم مارک کارنی کے درمیان ٹیلیفونک رابطہ ہوا ہے۔
امریکی صدر اور کینیڈین وزیراعظم کے درمیان رابطے میں دوطرفہ تجارتی تعلقات اور سرحدی تعاون سے متعلق امور پر تبادلہ خیال کیا گیا، وزیراعظم کارنی کے دفتر نے تصدیق کی ہے کہ بات چیت وسیع اور کاروباری ماحول سے متعلق تھی، دونوں رہنماؤں نے آئندہ مزید روابط جاری رکھنے پر بھی اتفاق کیا ہے۔
یہ رابطہ ایسے وقت میں ہوا ہے جب شمالی امریکا میں تجارتی پالیسیوں پر ازسر نو جائزے کی بازگشت سنائی دے رہی ہے، اوٹاوا کا کہنا ہے کہ گفتگو مثبت ماحول میں ہوئی تاہم تمام تفصیلات میڈیا سے شیئر نہیں کی گئیں، توقع ہے کہ آئندہ چند ہفتوں میں دونوں ممالک کے اعلیٰ سطح کے مذاکرات دوبارہ شروع ہوں گے۔
رابطے کے بعد کینیڈین وزیر تجارت نے عندیہ دیا کہ امریکا کے ساتھ اقتصادی معاہدوں پر پیش رفت ممکن ہے۔