نئی دہلی: (ویب ڈیسک) بھارت میں ہندوتوا کی سیاست اور مودی سرکار کا جنگی جنون اب مذہبی تہواروں تک جا پہنچا ہے، گنیش پوجا جو ہندو مذہب کا روایتی تہوار ہے اس بار عسکری پروپیگنڈے میں بدل دیا گیا۔
ٹائمز آف انڈیا کی رپورٹ کے مطابق حیدرآباد میں گنیش کی ایک مورتی ’’آپریشن سندور‘‘ تھیم پر تیار کی گئی ہے جس میں براہموس میزائل، ایس 400 رائفلز اور دیگر فوجی عناصر کی جھلک دکھائی گئی۔
یہ خصوصی مورتی ملکارجن نگر یوتھ ویلفیئر ایسوسی ایشن نے 6 لاکھ روپے کی لاگت سے تیار کی ہے، تیاری کا آغاز دو ماہ قبل کیا گیا تھا اور ابھی بھی اس پر مزید کام جاری ہے۔
نمائش کے دوران بھارت کی دفاعی تاریخ اور مختلف جنگوں سے متعلق پوسٹرز بھی پیش کیے جائیں گے جبکہ ایک 20 منٹ کی خصوصی ویڈیو دکھائی جائے گی جس میں بھارتی فوج کی طاقت کو اجاگر کیا جائے گا۔
بھارتی میڈیا کے مطابق اس سال گنیش کی مورتیاں ہتھیاروں اور فوجی تھیمز کے ساتھ بڑی تعداد میں تیار کی جا رہی ہیں، حیدرآباد سمیت کئی شہروں میں ان کی مانگ میں اضافہ ہو گیا ہے۔
ماہرین کا کہنا ہے کہ مودی راج میں مذہبی تہواروں کو جنگی جنون کے پروپیگنڈے کا ذریعہ بنایا جا رہا ہے، گنیش کی مورتی جو عقیدت اور عبادت کی علامت تھی اب مودی کی عسکری سیاست اور جنگی جنونیت کی عکاس بن چکی ہے۔