غزہ میں اسرائیلی فورسز کی بربریت جاری، مزید 71 فلسطینی لقمہ اجل بن گئے

Published On 28 August,2025 05:50 pm

غزہ: (دنیا نیوز) صیہونی فوج کے مظلوم بے گھر اور نہتے فلسطینیوں پر وحشیانہ حملے تھم نہ سکے، گزشتہ 24 گھنٹوں میں مزید 71 فلسطینی لقمہ اجل بن گئے جبکہ 339 زخمی ہوگئے۔

عرب میڈیا کے مطابق غیر ملکی خبر رساں ایجنسی کے مطابق غزہ کے جنوب میں رفح پر اسرائیلی نیول بوٹس کی جانب سے گولہ باری کی گئی ہے، نصیرات کیمپ پر بھی بھاری توپ خانے سے گولے داغے گئے ہیں۔

اسرئیلی فوج نے الشاطی میں بھی بے گھر فلسطینیوں کے کیمپ پر ڈرون حملہ کیا ہے، گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 71 فلسطینی شہید جبکہ بھوک کی شدت سے دو بچوں سمیت 4 فلسطینی انتقال کر گئے ہیں۔

غیر ملکی میڈیا کے مطابق غزہ میں قحط سے ہلاکتوں کی مجموعی تعداد 317 ہو گئی ہے جن میں 121 بچے بھی شامل ہیں۔

یہ بھی پڑھیں: اسرائیل نے غزہ سٹی کے جنوبی زیتون علاقے کی تمام عمارتیں مسمار کر دیں

دوسری جانب غزہ کی سول ڈیفنس کا کہنا ہے کہ اسرائیل نے رواں ماہ کے آغاز میں غزہ سٹی پر قبضے کے لیے زمینی کارروائی شروع کی تھی، جس کے بعد زیتون کے علاقے میں 1,500 سے زیادہ مکانات تباہ کیے گئے۔

ریسکیو سروس کے ترجمان محمود بصل نے انادولو نیوز ایجنسی کو بتایا کہ محلے کے جنوبی حصے میں اب کوئی عمارت باقی نہیں بچی، ان ہتھیاروں نے علاقے میں تباہی کی شدت کو بڑھا دیا ہے۔

مزید برآں اقوامِ متحدہ کی سلامتی کونسل میں مشرقِ وسطیٰ کی صورتحال پر منعقدہ اجلاس میں امریکا کے علاوہ تمام ارکان نے غزہ میں جاری قحط کو انسان کا بنایا ہوا بحران قرار دیا ہے۔

اجلاس میں اسرائیل سے فوری جنگ بندی اور بلا رکاوٹ امداد کی فراہمی کا بھی مطالبہ کیا گیا ہے۔